قومی اسمبلی سے وزرا پھرغائب ڈپٹی اسپیکربرہم پابندی لگانےکی دھمکی دیدی

وزرا کانہ آناایوان کی بے توقیری ہے،مرتضیٰ جاوید،پارلیمنٹ کوعزت نہیں دینگے توکوئی عزت نہیں کرے گا،خورشیدشاہ


Numainda Express October 05, 2017
میں تودریاںاٹھانے بیٹھاہوں،شیخ آفتاب نے لطیفہ سناکرسب کوہنسادیا،جمشیددستی نے سرائیکی صوبے کابل پیش کردیا فوٹو : فائل

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے ایوان میں وزرا کی عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزرا کا نہ آنا ایوان کی بے توقیری ہے، اگر وزرا کی عدم حاضری کا سلسلہ جاری رہا تو چیئر کو سخت رولنگ دینا پڑے گی۔

بغیراطلاع کے اگرکوئی وزیر ایوان میں نہیں آئے گا تو اس کے ایوان میں داخلے پر پابندی لگا دی جائے گی، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ جس ایوان کا کورم اپوزیشن لیڈر پورا کرے اس کو ملتوی کر دینا چاہیے، پارلیمنٹ کو عزت نہیں دیںگے تو کوئی عزت نہیں دے گا، شیخ آفتاب نے اپوزیشن لیڈرسے اتفاق کرتے ہوئے معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھنے کی تجویز کی حمایت کردی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کو شروع ہوا تو اسپیکر ایازصادق نے کہا کہ انتخابی اصلاحات بل کی منظوری کے دوران کلیریکل غلطی ہوئی ہے، یہ معاملہ آج ہی حل کریںگے۔ انھوں نے پارلیمانی لیڈروں کا اجلاس اپنے چیمبر میں طلب کیا۔

سید نوید قمرنے توجہ دلاؤ نوٹس پر کہاکہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ ناقابل قبول ہے۔ شیخ آفتاب نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں صرف 48 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، 3.90 روپے فی یونٹ اضافے کا تاثر درست نہیں۔ اس دوران شیخ آفتاب نے ایک لطیفہ سنایا کہ ایک جگہ جلسہ ہو رہا تھا، شور مچا ہوا تھا، صرف ایک شخص خاموشی سے چپ چاپ بیٹھا ہوا تھا، اس شخص سے جب کسی نے پوچھا آپ خاموش کیوں بیٹھے ہیں تو اس نے جواب دیا میں تو دریاں اٹھانے والا ہوں۔ شیخ آفتاب نے کہا کہ میری تو مجبوری ہے اس لیے بیٹھاہوں تاہم آئندہ کسی وزیرکے لیے جواب نہیں دونگا جس پر ایوان میں قہقہے بلند ہوگئے۔

مقبول خبریں