روس میں طیارہ گرکر تباہ بچی معجزانہ طور پر بچ گئی

طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں بچی کے سوا تمام افراد ہلاک ہوگئے


ویب ڈیسک November 15, 2017
طیارہ حادثے میں بچی کے سوا تمام مسافرہلاک،فوٹو:انٹرنیٹ

روس میں مسافر طیارہ گرِ کرتباہ ہونے کے نتیجے میں 3 سالہ بچی کے سوا باقی تمام 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ مشرقی روس کےعلاقے نیکان میں پیش آیا جہاں 2انجن والا مسافر طیارہ ایئرپورٹ کے قریب لینڈنگ کے دوران گاؤں میں گرِ کرتباہ ہوگیا۔

خاباروسکا ایئرلائن کا ایل 410 ماڈل طیارہ اپنی معمول کی پرواز پرتھا جس میں عملے اور مسافروں سمیت 7 افراد سوار تھے۔ حادثے کے نتیجے میں معجزانہ طور پر 3 سالہ لڑکی بچ گئی جب کہ باقی تمام افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔



حکام کا کہنا ہے کہ بچی کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز نے بچی کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔ بچی کے ساتھ اس کے والدین طیارے میں سوار نہیں تھےجب کہ بچی اپنی ٹیچر کے ساتھ نانی سے ملنے آبائی علاقےجارہی تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: جنوبی سوڈان میں طیارہ گرکر تباہ، تمام مسافر معجزانہ طور پر محفوظ

روسی ٹیلی ویژن نے طیارہ حادثے کی تصاویز نشر کی ہیں تاہم فوری طور پر حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں کہ آیا فنی خرابی یا ناسازگار موسم کی وجہ سے طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔

مقبول خبریں