پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر برقرار رکھنے پر اتفاق

ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن رابطے کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے پر اتفاق ہوا، مشترکہ اعلامیہ


ویب ڈیسک December 24, 2013
ملاقات کے بعد بھارتی مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔ فوٹو: آن لائن

KARACHI: پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشن کی 14 برس بعد ہونے والی ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر برقرار رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔

ڈی جی ایم اوز کی واہگہ بارڈر پر ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن میجر جنرل عامر ریاض جبکہ بھارت کی طرف سے بی ایس ایف کے لیفٹیننٹ جنرل ونود بھاٹیہ شریک ہوئے۔ ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر برقرار رکھنے پر اتفاق کیاگیا، ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن رابطے کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے پر اتفاق ہوا جبکہ موجودہ اعتماد سازی کے میکنزم کو برقرار رکھنے اور مزید تقویت دینےکابھی فیصلہ ہوا۔

اعلامیہ کےمطابق کسی معصوم سویلین نے غلطی سے لائن آف کنٹرول پار کی تو فوری طور پر دوسری طرف آگاہ کیا جائے گا جب کہ بریگیڈ کمانڈرز کی 2 فلیگ میٹنگز جلد منعقد کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ واہگہ بارڈر پر پاکستانی علاقے میں ہونے والے 2 گھنٹہ کے مذاکرات میں پاکستانی وفد میں 2 بریگیڈئر اور 2 کرنل بھی شریک ہوئے جبکہ بھارت کی جانب سے بھی 2 بریگیڈئر اور 3 کرنل نے ڈی جیز کی معاونت کی۔ پاکستان نے بھارتی خلاف ورزیوں کو موثر انداز میں اٹھایا جب کہ ملاقات کے بعد بھارتی مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

مقبول خبریں