سانپ کے زہر سے ہلاک شدہ گائے کھانے پر 60 افراد اسپتال داخل

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 فروری 2018
جنوبی افریقہ کے ایسٹ کیپ میں واقع ایک گاؤں میں کوبرا سانپ کے کاٹنے سے ایک گائے مرگئی جس کا گوشت کھاکر بچوں سمیت 60 افراد زہرخورانی کے شکار ہوکر ہسپتال میں داخل ہیں۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ کے ایسٹ کیپ میں واقع ایک گاؤں میں کوبرا سانپ کے کاٹنے سے ایک گائے مرگئی جس کا گوشت کھاکر بچوں سمیت 60 افراد زہرخورانی کے شکار ہوکر ہسپتال میں داخل ہیں۔ فوٹو: فائل

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا میں ایک گائے کو کوبرا سانپ نے ڈس کر ہلاک کردیا اور اس گائے کا گوشت کھانے والے 60 کے قریب افراد زہرخورانی کے شکار ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔

مشرقی کیپ کے ایک علاقے مپوزہ کے دیہاتیوں نے گائے کا گوشت کھانے کے بعد پیٹ میں شدید درد، چکر، قے اور سردرد کی شکایت کی، شکایت کرنے والوں میں 16 بچے بھی شامل ہیں جن میں سے 8 کو نیلسن منڈیلا اسپتال میں داخل کرکے طبی امداد دی گئی جب کہ دیگر کو ایک اور مقامی ہسپتال میں داخل کیا گیا۔

بعد ازاں معلوم ہوا کہ انہوں نے ایک مردہ گائے کا گوشت کھایا تھا جو کوبرا کے زہر سے مرگئی تھی اور سانپ کا زہر اس کے گوشت میں سرایت کرچکا تھا۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ سانپ کے کاٹے سے مرنے والی گائیں کا گوشت کتنا خطرناک یا جان لیوا تھا۔

جنوبی افریقا میں مشرقی کیپ کے محکمہ صحت نے اعلان کیا کہ اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کے پیشِ نظر دیگر بڑے اسپتالوں میں بھی جگہ بنائی گئی ہے۔ ساتھ ہی غریب دیہاتیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ مردہ جانور کا گوشت کھانے سے مکمل اجتناب کریں۔

واضح رہے کہ کوبرا سانپ کا زہر اعصابی نظام کو شدید متاثر کرکے اپنے شکار کو منٹوں میں ہلاک کردیتا ہے اور اس علاقے میں کوبرا عام پائے جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔