ماہرہ خان نے زندگی کا اہم ترین ایوارڈ بیٹے اذلان کے نام کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 15 مارچ 2018
کام کی مصروفیت کی وجہ سے اپنے بیٹے کو باقاعدہ وقت نہیں دے پاتی، لہٰذا یہ ایوارڈ اپنے بیٹے کےنام کرتی ہوں؛ فوٹو ایوارڈ انتظامیہ

کام کی مصروفیت کی وجہ سے اپنے بیٹے کو باقاعدہ وقت نہیں دے پاتی، لہٰذا یہ ایوارڈ اپنے بیٹے کےنام کرتی ہوں؛ فوٹو ایوارڈ انتظامیہ

لندن: نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے فلموں کی ترویج اور فلمی سرگرمیوں میں شراکت داری کے لیے ملنے والا ایوارڈ اپنے بیٹے اذلان کے نام کردیا۔

گزشتہ روز لندن میں یو کے ایشین فلم فیسٹیول کی رنگارنگ اور خوبصورت تقریب سجائی گئی۔ تقریب میں بالی ووڈ سمیت پاکستانی فلم انڈسٹری کی متعدد شخصیات نے شرکت کرکے تقریب کوچار چاند لگادئیے۔ تقریب کے دوران ماہرہ خان کو فلم انڈسٹری اور فلموں کی ترویج  میں کردار ادا کرنے کےلیے ایوارڈ سے نوازا گیا جسے انہوں نے اپنے بیٹے اذلان کے نام کردیا۔

اس موقع پر ماہرہ نے کہا کہ میں کام کی مصروفیت کی وجہ سے اپنے بیٹے کو باقاعدہ وقت نہیں دے پاتی، لہٰذا یہ ایوارڈ اپنے بیٹے کےنام کرتی ہوں۔ انہوں نے تقریب کے دوران اپنا تعارف کراتے ہوئے خود کو فل ٹائم ماں اور پارٹ ٹائم اداکارہ قراردیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: جاوید شیخ کے بوسہ لینے پر ماہرہ خان کا ردعمل

یوکے فلم  فیسٹیول کی تقریب میں ماہرہ خان کے ساتھ فلم ’’کیک‘‘ کی کاسٹ میں شامل  پاکستانی اداکاروں آمنہ شیخ، صنم سعید اور عدنان ملک نے بھی شرکت کی جب کہ بھارتی فلم انڈسٹری سے نامور اداکارہ اور میزبان سیمی گریوال بھی تقریب میں نظر آئیں۔

تقریب کے دوران ماہرہ خان نے سیمی گریوال کے ساتھ بات چیت کے دوران بتایا کہ وہ ایسی فلم میں کام کرنے کی خواہشمند ہیں جس سے خوش ہونے کا موقع ملے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں ایوارڈ کی یہ تقریب 25 مارچ تک جاری رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔