کرشمہ کپور نے دوسری شادی کی تیاری کرلی

ویب ڈیسک  بدھ 8 نومبر 2017
کرشمہ کپور نے سنجے کپور کے ساتھ علیحدگی کے بعد زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا تھا؛فوٹوفائل

کرشمہ کپور نے سنجے کپور کے ساتھ علیحدگی کے بعد زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا تھا؛فوٹوفائل

ممبئی: ناموربالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپوراوران کے قریبی دوست سندیپ توشوانی کی شادی کی خبریں بھارتی میں گردش کررہی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ دونوں بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔

کرینہ کپور کی بڑی بہن اور بالی ووڈ کی خوبرواداکارہ کرشمہ کپور 2003 میں بھارتی بزنس مین سنجے کپور کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھیں تھیں، جن سے ان کے دو بچے سمائرہ اور کیان راج کپور ہیں تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی اور دونوں نے گزشتہ برس علیحدگی اختیار کرلی جس کے بعد ان کے شوہر نے بھارتی ماڈل سے شادی کرلی جب کہ کرشمہ کپور نے بھی علیحدگی کے بعد زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سندیپ توشوانی سے دوستی کرلی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کرشمہ کی دوسری شادی

کرشمہ اور ان کے دوست کو مختلف تقاریب میں ایک ساتھ دیکھا جانے لگا، یہ نزدیکیاں اتنی بڑھ گئیں کہ دونوں کی شادی کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔ ان افواہوں کو تقویت اس وقت ملی جب سندیپ توشوانی نے اپنی 14 سالہ شادی کا اختتام کرنے کا فیصلہ کیا اور بھارتی فیملی کورٹ میں اپنی اہلیہ ڈاکٹرارشیتا سے طلاق کے لیے درخواست دائر کی۔

گزشتہ روز بھارتی عدالت نے سندیپ اور ارشیتا کے درمیان طلاق کا فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کی علیحدگی پر مہر ثبت کردی۔ عدالتی فیصلے کے مطابق سندیپ اپنی دونوں بیٹیوں کو 3 ،3 کروڑ  اور اپنی سابق بیوی کو 2 کروڑ روپے اداکریں گے۔ سندیپ کی طلاق کے بعد بھارتی میڈیا میں افواہیں گردش کررہی ہیں کہ سندیپ اور کرشمہ بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندیپ نے کرشمہ کپور کے والد اداکار رندھیر کپور کی 70 ویں سالگرہ میں بھی شرکت کی تھی اوروہ کپور فیملی میں اہم فرد کی حیثیت حاصل کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ سندیپ توشوانی کا شمار بھارت کے بڑے بزنس مینوں میں ہوتا ہے۔ وہ بھارت کی ٹاپ فارماسوٹیکل کمپنی کے سی ای او ہیں جب کہ کرشمہ کے سابق شوہرسنجے کپور بھی بھارت کے کامیاب بزنس مین تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔