کراچی میں لڑکی سے زیادتی و قتل کے الزام میں 7 افراد گرفتار

جائے وقوعہ سے مقتولہ اور اس کے بھائی کا موبائل فون غائب تھا، ڈی ایس پی ناصر بخاری


ویب ڈیسک May 01, 2018
جائے وقوعہ سے مقتولہ اور اس کے بھائی کا موبائل فون غائب تھا، ڈی ایس پی ناصر بخاری۔ فوٹو: فائل

نیوکراچی یو پی موڑ سیکٹر 11 ای میں لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل کرنے والے 7 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ نیوکراچی یوپی موڑ سیکٹر 11 ای میں نوجوان لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور اسے قتل کرنے والے 7 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی ناصربخاری اور ایس ایچ او نیو کراچی یاز بروہی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ نیوکراچی میں لڑکی کو قتل اور مقتولہ کے بھائی کو زخمی کرنے کے شبے میں مالک مکان اور ایک پڑوسی سمیت 7 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، تاہم مقتولہ کی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہی زیادتی کی تصدیق ہوسکے گی۔

ناصر بخاری کا کہنا تھا کہ مقتولہ رمشا کی والدہ لبنیٰ ایک فیکٹری میں ملازمت کرتی ہے اور 10 سال پہلے اسے طلاق ہوگئی تھی، واقعے کی اطلاع بھی خاتون نے کی اور بیان دیا کہ جب گھر پہنچی تو دونوں بچے ایک کمرے میں تھے اور دروازہ اندر سے بند تھا، بمشکل دروازہ کھولا تو اندر بچے خون میں لت پت بے ہوش پڑے تھے، بچے کی سانسیں چل رہی تھیں جب کہ بچی مرچکی تھی۔ اور اس کا ایک ہاتھ بھی ٹیڑھا ہوچکا تھا۔

ڈی ایس پی ناصر بخاری نے بتایا ہے کہ پولیس نے جائے وقوعہ پر جاکر شواہد اکٹھے کرلئے ہیں، دونوں بچوں پر کلہاڑی سے حملہ کیا گیا تھا جب کہ جائے وقوعہ سے مقتولہ اور اس کے بھائی کا موبائل فون غائب تھا تاہم پولیس نےمقتولہ کا موبائل فون نمبر حاصل کرکے تحقیقات شروع کردی ہے، واقعے کا مقدمہ مقتولہ کی والدہ لبنیٰ کی مدعیت میں الزام نمبر 130/18 کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا جب کہ قتل کے شبے میں مالک مکان اور ایک پڑوسی سمیت 7 افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں