کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامہ کرنے والا مسافر گرفتاری کے بعد رہا

مسافر پر تشدد میں ملوث تمام عملے کو معطل کردیا ہے، ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ منیر شیخ


ویب ڈیسک July 28, 2018
مسافر پر تشدد میں ملوث تمام عملے کو معطل کردیا ہے، ڈائریکٹر ایف آئی اے ؛ فوٹو:فائل

جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر نشے کی حالت میں شورشرابا کرنے والا مسافر حراست میں لئے جانے کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامہ کرنے والے مسافر کو ایئرپورٹ پولیس نے رہا کردیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے بین الاقوامی لاؤنج میں مسافر نے شور شرابا کیا اور خواتین و امیگریشن حکام سے بدتمیزی کی، مسافر کو روکنے کی کوشش کی تو وہ ہاتھا پائی پر اترآیا، امیگریشن اہلکاروں نے مسافر کو ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا۔



ایئرپورٹ پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لئے جانے والے مسافر عمیر کو رہا کردیا گیا ہے، ایف آئی اے نے عمیر کو دفعہ 54 کے تحت حراست میں لیا اور پولیس کے حوالے کیا تھا تاہم متعلقہ ادارے نے بعد میں مقدمے کی پیروی نہیں کی، جس پر محمد عمیر کے گھر والوں کو تھانے بلا کر ان کے حوالے کردیا گیا۔

دوسری جانب ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ منیر شیخ کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر مسافر پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے تمام عملے کو معطل کردیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

مقبول خبریں