قومی کراٹے ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 30 اگست 2018
غیر متوقع ہار پر مایوسی ہوئی، ایشین فیڈریشن کو خط لکھا جائے، سعدی عباس۔ فوٹو : ٹویٹر

غیر متوقع ہار پر مایوسی ہوئی، ایشین فیڈریشن کو خط لکھا جائے، سعدی عباس۔ فوٹو : ٹویٹر

 لاہور:  قومی کراٹے ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئی، کوچنگ سینٹر نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس لاہور میں کراٹے فیڈریشن کے عہدیدران نے کراٹے ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

ایشین گیمز میں ویمن کراٹے کے مقابلے میں پہلی بار پاکستانی کھلاڑی نرگس نے کراٹے میں برانز میڈل حاصل کیا۔ جکارتہ میں جاری ایشین گیمز کے سنسنی خیز مقابلوں میں نرگس نے 68 پلس ویمنز کراٹے کے ایک اہم مقابلے میں نیپال سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی کو 3-1 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

نرگس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لیے میڈل حاصل کرنے پر بہت خوش ہوں، آئندہ بھی بہترین پرفارمنس سے ملک کا نام روشن کروں گی، ملک میں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کو سراہا جانا خوش آئند ہے، آج بہت خوش ہوں، پہلے اتنا پروٹوکول نہیں ملا، حکومت نے سپورٹ کیا تو ورلڈ ایونٹس میں گولڈ میڈل جیت سکتی ہوں۔

کراٹے کاز سعدی عباس نے اپنی غیر متوقع شکست کے حوالے سے کہا کہ میچ کے آخری 2 سیکنڈز میں کیا ہوا پتہ نہیں لگا، بدقسمتی سے دوران فائٹ میرا گھنٹہ مڑ گیا، ڈاکٹرز نے مجھے کھیلنے سے روکا، مگر میں پھر بھی کھیلا، ریفری کے فیصلے پر ساری دنیا حیران ہے، میں جیت رہا تھا مگر 6 سیکنڈ پہلے جانے ریفری کو کیا ہوا۔ فیڈریشن سے درخواست کی ہے کہ ایشین فیڈریشن کو اس ناانصافی پر خط لکھا جائے، پاکستان اسپورٹس ٹرسٹ جیسا ادارہ ہماری سپورٹ کیلیے آنا چاہیے۔

دیگر کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں سعدی عباس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، حق کیلیے ہر جگہ جائیں گے۔ نرگس سمیت دیگر کھلاڑیوں کو سکالر شپ ملنا چاہیے تاکہ وہ ملک کی بہتر خدمت کرسکیں۔ کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ تمام اسپورٹس کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تو پاکستانی پرچم ہر میدان میں بلند ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔