افغانستان سے انخلا کا فریم ورک تیار ہوگیا، زلمے خلیل زاد

اے ایف پی  منگل 29 جنوری 2019
طالبان افغان حکومت کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کریں،امن کے لیے اپنی افغانیت کو بھی سامنے رکھیں، صدراشرف غنی۔ فوٹو: فائل

طالبان افغان حکومت کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کریں،امن کے لیے اپنی افغانیت کو بھی سامنے رکھیں، صدراشرف غنی۔ فوٹو: فائل

کابل: امریکا کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان  زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ دوحہ مذاکرات میں فریم ورک کا ایک ڈرافٹ تیار کیا گیا لیکن ہم اس ضمن میں کوئی بھی فیصلہ کابل حکومت سے مل کر کریں گے اور اسے اعتماد میں لیں گے۔

افغان صدارتی محل سے جاری بیان میں زلمے خلیل زاد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دوحہ مذاکرات میں طالبان رہنماؤں نے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کا مطالبہ دہرایا تاہم ابھی بہت سے معاملات کی تفصیلات طے کرانا ابھی باقی ہیں۔

دریں اثنا امریکی اخبارنیویارک ٹائمزنے بھی زلمے خلیل زاد کے حوالے سے بتایا ہے کہ دوحہ مذاکرات میں فریم ورک کا ایک ڈرافٹ تیارہوا ہے لیکن سیزفائر،طالبان اور کابل حکومت میں براہ راست مذاکرات اور غیرملکی افواج کے انخلا کے ٹائم ٹیبل سمیت بہت سی تفصیلات طے کرنا باقی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔