ویرات کوہلی جیسی مستقل مزاجی پیدا کرنے کا خواہاں ہوں، بابراعظم

عباس رضا  جمعرات 21 فروری 2019
تینوں فارمیٹ میں پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی پیش کرنا چاہتا ہوں، بابر اعظم۔ فوٹو : فائل

تینوں فارمیٹ میں پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی پیش کرنا چاہتا ہوں، بابر اعظم۔ فوٹو : فائل

 دبئی: قومی ٹیم کے کھلاڑی بابراعظم کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی کے ساتھ موازنہ کیے جانے پر فخر محسوس کرتا ہوں تاہم چاہتا ہوں کہ اتنی ہی مستقل مزاجی سے کھیلوں۔

ایک انٹرویو میں نوجوان بیٹسمین بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی کے ساتھ موازنہ کیے جانے پر فخر محسوس کرتا ہوں لیکن ان کی کارکردگی میں تسلسل اور ذہنی طور پر بہت مضبوط ہیں، بھارتی کپتان جب بھی بیٹنگ کیلئے آئیں 100 فیصد پرفارمنس دینے کی کوشش کرتے ہیں، میرے کیریئر کا ابھی آغاز ہے، چاہتا ہوں کہ اتنی مستقل مزاجی سے کھیلوں کہ میری ہر پرفارمنس پاکستان ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرے۔

بابر اعظم نے کہا کہ بچپن میں ہی کرکٹ کا شوق پروان چڑھا، والد اور بڑے بھائی نے لگن کو دیکھتے ہوئے بھرپور حوصلہ افزائی کی، ٹیسٹ کرکٹرز کامران، عمر اور عدنان کے والد اور میرے چچا اکمل نے بھی نصیحت کی کہ اگر محنت کرو تو کرکٹ میں بڑا نام کماسکتے ہو، اپنی غلطیوں سے مسلسل سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، سینئرز اظہر علی اور اسد شفیق سے مشورہ بھی کرتا ہوں، ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی خواہش ہے، طویل فارمیٹ میں مہارت، صبر اور فٹنس کا کڑا امتحان ہوتا ہے، تینوں فارمیٹ میں پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی پیش کرنا چاہتا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔