نقاب چھیننے کی ویڈیو پر تبصرہ، یوپی کے وزیر سنجے نشاد کے نازیبا الفاظ نے ہنگامہ برپا کر دیا

اس معاملے کے بعد سماج وادی پارٹی کی رہنما سومیا رانا نے تھانے میں نتیش کمار اور سنجے نشاد کے خلاف شکایت درج کرا دی ہے


ویب ڈیسک December 17, 2025

اتر پردیش کے کابینہ وزیر سنجے نشاد کے ایک متنازع بیان نے بھارت میں سیاسی اور سماجی سطح پر شدید ردِعمل کو جنم دے دیا ہے۔

یہ بیان بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ایک وائرل ویڈیو کے تناظر میں سامنے آیا، جس میں وہ ایک سرکاری تقریب کے دوران ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کا حجاب ہٹاتے دکھائی دیتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے نشاد نے اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر صرف حجاب ہٹانے پر اتنا شور مچ گیا ہے تو اگر کہیں اور ہاتھ لگ جاتا تو کیا ہوتا۔ ان کے اس بیان کو خواتین کی تضحیک، غیر اخلاقی سوچ اور ایک مخصوص برادری کے خلاف نفرت انگیز رویہ قرار دیا جا رہا ہے۔

کانگریس رہنما سپریا شریناتے نے سنجے نشاد کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک وزیر کی جانب سے اس طرح کے الفاظ ان کی گھٹیا اور عورت دشمن ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیان نہ صرف شرمناک ہے بلکہ قابلِ مذمت بھی ہے۔

یہ واقعہ بہار میں ایک سرکاری تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں ایک مسلم خاتون ڈاکٹر تقرری کا لیٹر لینے اسٹیج پر آئیں۔ لیٹر دینے کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ان کا حجاب ہٹانے کی کوشش کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

اس معاملے کے بعد سماج وادی پارٹی کی رہنما اور ترجمان سومیا رانا نے لکھنؤ کے قیصرگنج تھانے میں نتیش کمار اور سنجے نشاد کے خلاف شکایت درج کرا دی ہے۔ سومیا رانا کا کہنا تھا کہ ویڈیو دیکھ کر انہیں شدید ذہنی صدمہ پہنچا اور یہ عمل ایک پوری برادری کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں خواتین کو عزت دی جاتی ہے، لیکن اعلیٰ آئینی عہدوں پر فائز افراد کی جانب سے اس طرح کا رویہ ناقابلِ قبول ہے۔ سومیا رانا نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں سخت قانونی کارروائی کی جائے، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

مقبول خبریں