سندھ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کا مفت علاج شروع

طفیل احمد  جمعـء 12 اپريل 2019
صوبے کے 2بڑے اسپتالوں کا انتخاب کرلیا گیا،اخراجات حکومت سندھ ادا کریگی۔ فوٹو: فائل

صوبے کے 2بڑے اسپتالوں کا انتخاب کرلیا گیا،اخراجات حکومت سندھ ادا کریگی۔ فوٹو: فائل

کراچی: حکومت سندھ نے صوبے میں خون کے کینسرکے مریضوں کا بون میرو ٹرانسپلانٹ(ہڈیوں کے گودے کی منتقلی) کے مفت علاج کیلیے 2 بڑے اسپتالوں کا انتخاب کرلیا جہاں خون کے کینسرکے مریضوں کا مفت علاج کیاجائیگا۔

خون کے کینسرکے علاج کیلیے حکومت سندھ نے سالانہ500 ملین روپے مختص کیے ہیں جو دونوں اسپتالوں کومساوی جاری کیے جائیں گے۔ جن اسپتالوں میں خون کے کینسرکا مفت علاج کیاجائیگا اس میں نیشنل انسٹیٹوٹ آف بلڈ ڈیزیز اورڈاؤانٹرنیشنل اسپتال شامل ہیں، ڈاؤ انٹرنیشنل اسپتال میں حال ہی میں بون میروٹرانسپلانٹ یونٹ قائم کیاگیا جس کا افتتاح آئندہ ہفتے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوکریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لیے منتخب کیے جانے والے دونوں اسپتالوں میں بون میروفزیشن اور تربیت یافتہ ڈاکٹروں اور دیگر عملہ موجود ہیں ۔ ان دونوں اسپتالوں میں سے ایک اسپتال میں بڑی عمرکے افرادکا بون میرو جبکہ دوسرے اسپتال میں بچوں کے بون میروٹرانسپلانٹ کیے جائیں گے جبکہ حکومت سندھ نے آغا خاں اسپتال کوبھی بون میروکیلیے رابطے میں لیا ہے اور پیچیدہ نوعیت کے بون میروکیلیے مریضوںکو آغاخاں اسپتال علاج کیلیے بھیجا جائیگا۔

اس سلسلے میں محکمہ صحت کے افسر ڈاکٹر سکندرمیمن نے ایکسپریس کو بتایا کہ جمعرات کو وزیر اعلی سندھ کی سربراہی میں اجلاس بھی منعقد ہواتھا جس میں محکمہ صحت کی جانب سے خون کے کینسر کے مرض میں مبتلا مریضوں کے بون میروٹرانسپلانٹ کے علاج کے لیے تیارکی جانے والی سمری منظورکی گئی اوروزیراعلی سندھ کی جانب سے دونوں اسپتالوں میں غریب مریضوں کے علاج کیلیے سالانہ500 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

دریں اثناء ڈاؤ یونیورسٹی کے افسرکے مطابق ڈاؤانٹرنیشنل اسپتال اوجھا میں خون کے کینسرکے علاج کیلیے پہلا بون میروٹرانسپلانٹ یونٹ قائم کردیا گیا ۔

واضح رہے کہ کراچی میں خون کے کینسر کے علاج بون میرو ٹرانسپلانٹ نیشنل انسٹیٹوٹ آف بلڈ ڈیزیز اور اے کے یو میں کیاجاتا ہے تاہم پہلی بارڈاؤ انٹرنیشنل اسپتال میں یہ یونٹ قائم کیاگیا ہے

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔