وزیر اعظم نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی منظوری دیدی

بلدیاتی ادارے مضبوط بنانے سے جمہوریت مستحکم ہوگی، وزیراعظم نواز شریف۔


شہری اور دیہی سطح پر الگ الگ کونسلیں ہونگی، امیدوار کو پارٹی نشان پر الیکشن لڑنے کی اجازت ہوگی۔فوٹو: رائٹرز / فائل

لاہور: وزیر اعظم نواز شریف نے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے اور عمر کی حد پچیس سال کرنے کے فیصلوں کی حتمی منظوری دے دی ہے۔

یہ منظوریٔ انھوں نے اپنی سربراہی میں ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے پارٹی اجلاس میں دی۔ اجلاس میں نواز شریف کو بطور وزیر اعظم اور پارٹی سربراہ کی حیثیت میں بلدیاتی نظام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے علاوہ وفاقی وزرا پرویز رشید، احسن اقبال، زاہد حامد اورخواجہ سعد رفیق بھی اجلاس میں شریک تھے۔ وزیر اعظم نے بلدیاتی نظام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اسے گراس روٹ لیول پر مقامی آبادیوں کے لیے فائدہ مند قراردیا۔ انہوںنے اس نظام کے تحت تعلیم اور صحت کو خصوصی طور پر فوکس کرنے کی ہدایت کی۔ لوکل گورنمنٹ بل2013 کے مسودہ کے مطابق بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار کی عمر کم ازکم 25 سال مقرر کی جا رہی ہے، شہری اور دیہی سطح پر علیحدہ علیحدہ کونسلیں ہوں گی۔



جن میں یوتھ، ٹیکنوکریٹس کی نشستیں بھی گراس روٹ لیول سے رکھی جاری ہیں، شہری اوردیہی سطح پر بننے والے وارڈز میںگیارہ کونسلرز جن میں ایک چیئرمین اورایک وائس چیرمین ہو گا کے ساتھ دوخواتین، ایک کسان، اورایک اقلیتی ممبر ہوگا۔ پنچایتی سسٹم میں ایک خاتون کو شامل کیا جا رہا ہے، چائلڈ پروٹیکشن اور پاپولیشن کے محکموں کو لوکل گورنمنٹ سسٹم کی سطح پر لایا جائیگا جبکہ ایجوکیشن، ہیلتھ کی اتھارٹیز بھی اضلاع کی سطح پر بنائی جائیں گی جس میں لوکل باڈی کے تحت منتخب نمائندوں کے ساتھ ارکان اسمبلی کو بھی شامل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر بلدیات رانا ثناء اﷲ نے بتایا کے وہ پیرکوہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں یہ بل پیش کریں گے اور 22اگست تک منظور کروا لیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر کوئی امیدوار اپنی پارٹی کے نشان پر الیکشن لڑنا چاہے گا تو اس کی بھی اجازت ہو گی۔ نواز شریف نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے سے جمہوریت مستحکم ہو گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تعلیم اور صحت پر زیادہ توجہ دی جائے۔ آئی این پی کے مطابق وزیر اعظم نے پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کے مسودے کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے لوگوں کو بلدیاتی انتخابات میں امیدوار بنانے کی اجازت ہو گی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا (ن) لیگ کو بجلی کی لوڈشیڈ نگ 'مہنگائی سمیت دیگر مسائل ورثے میں ملے ہیں لیکن ہم انکے حل کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں ۔پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ہونگے تو معاشرے کا تمام افراد ان میں حصہ لے سکیں گے اورسیاسی جما عتیں بھی کسی قسم کی مداخلت نہیں کر سکیں گی۔ اجلاس میں لاہور رنگ روڈ کے منصوبے کے حوالے سے بھی وزیر اعظم کو متعلقہ حکام نے بریفنگ دی۔

مقبول خبریں