فیڈ کپ ٹینس: آسٹریلیا 26 برس بعد فائنل میں پہنچ گیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 22 اپريل 2019
 فیڈ کپ :آریانا کو ہرانے پر آسٹریلوی پلیئر ایشلیگ مداحوں کی داد کا جواب دے رہی ہیں

فیڈ کپ :آریانا کو ہرانے پر آسٹریلوی پلیئر ایشلیگ مداحوں کی داد کا جواب دے رہی ہیں

برسبین / پیرس:  آسٹریلیا نے بیلاروس کو مات دیکر فیڈریشن کپ ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا۔

اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم آخری بار 1993 میں ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں رسائی حاصل کرپائی تھی، میزبان اسٹار ایشلیگ بارٹی اور سمانتھا اسٹوسر نے فیصلہ کن ڈبلز میں بیلاروسی جوڑی وکٹوریا آذرنیکا اور آریانا سیبالینکا کو ٹھکانے لگادیا، ان کی جیت کا اسکور 7-5،3-6 اور6-2 رہا، فائنل اب نومبر میں شیڈول ہے، ابتدائی دن دونوں ٹیموں نے ایک ایک سنگلز جیتا تھا جبکہ اتوار کو پہلے ریورس سنگلز میں آذرنیکا نے اسٹوسر کیخلاف 6-1 اور6-1 سے فتح سمیٹ کر مہمان ٹیم کو برتری دلوائی لیکن دوسرے ریورس سنگلز میں ایشلیگ نے سیبالینکا کا قصہ 6-2،6-2 سے تمام کرکے ٹائی کو ڈبلز میں پہنچادیا۔

بیلاروسی ٹیم 2017 کے فائنل میں ہارگئی تھی، بیلاروس نے لیڈزیا مورزووا اور ویرا لیپکو کو ڈبلز مقابلے میں رکھا تھا لیکن ٹائی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کپتان ٹاٹانیا پوٹچیک نے آذرنیکا اور سیبالینکا کو میدان میں اتارا، سات بار کے چیمپئن آسٹریلیا نے آخری بار 1974 میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔دوسرے سیمی فائنل میں آخری اطلاعات موصول ہونے تک اسکور 2-2 سے برابر ہے، ابتدائی ریورس سنگلز میں سیمونا ہالیپ نے کیرولین گارشیا کو مات دیکر مہمان ٹیم کو برتری دلوائی لیکن فرانس کی پاؤلین پارمینٹائر نے ایرینا کمیلا بیگو کو شکست دیکر ٹائی کو پھر 2-2 سے برابر کردیا۔ورلڈ گروپ پلے آف میں جاپان نے نیدرلینڈز کو4-0 سے شکست دیدی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔