ایک چوتھائی دنیا پانی کی قلت کا شکار

سب سے زیادہ خشک سالی کا شکار ممالک میں سے 12ملک مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں ہیں۔


Editorial August 08, 2019
سب سے زیادہ خشک سالی کا شکار ممالک میں سے 12ملک مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں ہیں۔ فوٹو: فائل

17 ممالک میں رہنے والی دنیا کی ایک چوتھائی آبادی پانی کی شدید قلت کا شکار ہے۔ اکثر علاقوں میں پانی کی ٹونٹیاں بالکل خشک پڑی ہیں جس کو اصطلاح میں ''ڈے زیرو'' کہا جاتا ہے، اس حوالے سے پانی کے ذخائر کے بارے میں معلومات رکھنے والے عالمی ادارے ورلڈ ریسورسز انسٹی ٹیوٹ (ڈبلیو آر آئی) کے مطابق جہاں ایک طرف پانی کی شدید قلت طاری ہے وہاں دوسری جانب تباہ کن سیلابوں کے آنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔

زرعی صنعت اور میونسپلٹیاں سطح زمین پر موجود 80 فیصد پانی استعمال کر لیتی ہیں اس میں زیرزمین پانی کا استعمال بھی شامل ہے۔ جس کے نتیجے میں دنیا بھر کے 17ممالک پانی کی شدید ترین قلت کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی موسموں میں تبدیلی بھی پیدا ہو رہی ہے۔ جب پانی کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے تو پانی کی تھوڑی کمی بھی بہت زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ اس کی حالیہ مثال کیپ ٹاؤن' ساؤ پاولو اور چینائی میں دیکھی جا سکتی ہے۔

پانی کی شدید قلت کا شکار دیگر ممالک میں قطر' اسرائیل' لبنان' ایران' اردن' لیبیا' کویت' سعودی عرب' یو اے ای' سان مارینو' بحرین' انڈیا' پاکستان' ترکمانستان' اومان اور بوٹسوانا شامل ہیں جو اول الذکر 17ممالک میں سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ پانی کی کمی کی وجہ سے متذکرہ ممالک میں بحرانی کیفیت طاری ہے۔ پانی کی قلت کی وجہ سے خوراک کی قلت بھی پیدا ہو گئی ہے۔ کئی علاقوں سے لوگوں کے ہجرت کرنے سے مالیاتی عدم استحکام بھی پیدا ہوتا ہے۔

متذکرہ ممالک کے بعد 27دیگر ممالک میں بھی پانی کی قلت ہے مگر وہ اتنی شدید نہیں، سب سے زیادہ خشک سالی کا شکار ممالک میں سے 12ملک مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں ہیں جب کہ بھارت کی آبادی سولہ ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔ بھارتی شہر چنائی میں پانی کی شدید قلت کے باعث دنیا بھر کی توجہ اس طرف مبذول ہو گئی لیکن اس کے علاوہ بھی بھارت میں کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلت محسوس کی جا رہی ہے۔

بھارت میں پانی کے ذرایع کے سابق سیکریٹری ششی شیکھر نے کہا ہے کہ کوئی ایسا طریقہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے جس سے حکام کو پانی کی انتہائی قلت کے بارے میں بروقت بلکہ قبل از وقت علم ہو سکے۔ امریکا کا ذکر ان ممالک میں آتا ہے جہاں پانی کے وافر ذخائر موجود ہیں۔

مقبول خبریں