دورہ پاکستان سری لنکن بورڈ نے پلیئرز پر دباؤ بڑھانا شروع کر دیا

غیرملکی لیگز کیلیے اجازت نامے فی الحال روک لیے گئے،9ستمبر کی میٹنگ میں 30 کرکٹرزاور چیف سلیکٹرمدعو


Sports Desk September 04, 2019
بورڈ چیف پاکستان میں سیکیورٹی پلان پربریفنگ دیں گے، وزیر کھیل کی بعد میں کھلاڑیوں سے ملاقات ہوگی فوٹو: فائل

سری لنکن بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے پلیئرز پر دباؤ بڑھانا شروع کردیا۔

سری لنکا کرکٹ نے کیریبیئن پریمیئر لیگ سمیت مختلف غیرملکی ایونٹس کھیلنے کے خواہاں کچھ پلیئرز کے این او سی روک لیے ہیں، بورڈ کے اہم ذرائع نے تصدیق کی کہ لسیتھ مالنگا، نروشن ڈیکویلا اور تھشارا پریرا سی پی ایل میں سینٹ لوشیا زوکس جبکہ اسورو اڈانا سینٹ کٹس نیوس پیٹریاٹس کی نمائندگی کریں گے۔

انھوں نے 4 ستمبر سے 12 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ کیلیے این او سی مانگا تھا مگر ابھی تک جاری نہیں کیا گیا ہے۔ گذشتہ جمعے کو کرکٹ جنوبی افریقہ نے آل راؤنڈر اڈانا کو اپنے ٹی 20 ایونٹ میں بطور انگلش کرکٹرڈیوڈ ویلی متبادل پرل راکس میں شامل کیا تھا۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان پرخدشات دور کرنے کیلیے 9 ستمبر کو 30 کے قریب پلیئرز کو طلب کیا ہے۔ انھیں بورڈ کے صدر شمی سلوا اور روشین گوناتھلاکا پی سی بی کی جانب سے مرتب کیے گئے سیکیورٹی پلان پر بریفنگ دیں گے۔

یاد رہے کہ کچھ سینئر پلیئرز سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان کا ٹور نہیں کرنا چاہتے،ان میں لسیتھ مالنگا، انجیلو میتھیوز، ڈیموتھ کرونارتنے، کوشل پریرا، کوشل مینڈس، نروشن ڈیکویلا اور لاہیرو تھریمانے شامل ہیں۔ بریفنگ میں چیف سلیکٹر اشانتھا ڈی میل بھی شریک ہونگے، وہ بعد میں دورئہ پاکستان کیلیے پلیئرز کی دستیابی کا جائزہ لیں گے۔

اس میٹنگ میں وزیر کھیل ہیرن فرناڈو شریک نہیں ہوں گے۔ البتہ ان کی بعد میں کھلاڑیوں سے الگ ملاقات ہو گی،انھوں نے پہلے ہی ٹیم کے ہمراہ پاکستان کا سفر کرنے کی پیشکش کردی ہے۔

سری لنکن اسکواڈ رواں ماہ کے آخر میں شیڈول دورئہ پاکستان کے دوران کراچی اور لاہور میں 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے گا، 2009 میں سری لنکا کی ٹیم پر ہی لاہور میں ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد یہ پہلی ٹیم ہوگی جو زیادہ دیر پاکستان میں قیام کرے گی۔

پلیئرز کے تحفظات سری لنکن بورڈ کا داخلی مسئلہ ہے، پی سی بی

پی سی بی نے پلیئرز کے تحفظات کو سری لنکن بورڈ کا داخلی مسئلہ قرار دے دیا، ڈائریکٹر میڈیا اور کمیونیکیشن سمیع برنی نے کہاکہ کسی بھی ملک کا دورہ کرنے کیلیے ٹیم وہاں کا بورڈ منتخب کرتا ہے،دنیا بھر میں اگر کوئی کھلاڑی کسی بھی ملک میں نہیں جانا چاہتا تو اسے فیصلے کی آزادی ہوتی ہے،بہرحال سری لنکن بورڈ کو ہی اسکواڈ منتخب کرکے بھیجنا ہے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے انعقاد کیلیے ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔

مقبول خبریں