بلوچستان میں کابینہ کی تشکیل

بلوچستان کابینہ 4 ماہ کے بعدبالآخر تشکیل پاگئی ۔ 11 نئے وزراء سے گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی نے حلف لیا،5 مشیر...


Editorial October 15, 2013
نئے وزرا کے حلف اتٓھانے کے بعد بلوچستان کابینہ کی تعداد 14 ہوگئی۔ فوٹو: ایکسپریس

بلوچستان کابینہ 4 ماہ کے بعدبالآخر تشکیل پاگئی ۔ 11 نئے وزراء سے گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی نے حلف لیا،5 مشیر بھی بنائے گئے ہیں ،حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ زہری ، صوبائی وزیر نواب محمد خان شاہوانی ، چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ 22 اکتوبر کو کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ بلوچستان کے غیر معمولی اوراعصاب شکن حالات میںکابینہ کی تشکیل ایک خوش آیند پیش رفت ہے ۔

صوبہ میں شورش، مزاحمت،دہشت گردی،اور بدامنی کا ایک طوفان برپا ہے اور آواران اور اس کے دیگر علاقوں میں زلزلہ نے آفت ڈھائی ہے، یوں صوبہ بلوچستان اپنی سیاسی،اور معاشی تاریخ کے ہولناک دورانئے سے گزر رہا ہے اور اس کے عوام ایک بڑے چیلنج کا سامنا کررہے ہیں ۔ مسلم لیگ کے جن 5 وزراء نے حلف لیا ، ان میں نوابزادہ چنگیز مری ، میر سرفراز ڈومکی ، اظہار کھوسو ، میر سرفراز بگٹی اور شیخ جعفرخان مندوخیل شامل ہیں ، پختونخوا میپ کے وزراء میں ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ،مصطفیٰ ترین ، نواب ایاز خان جوگیزئی ، نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزراء میں رحمت بلوچ ، سردار اسلم بزنجو اور مجیب الرحمن محمد حسنی شامل ہیں ۔

مشیروں میں مسلم لیگ (ن) اور پختونخوا میپ کے 2، 2 اور نیشنل پارٹی کا ایک مشیر شامل ہے، تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا کابینہ مکمل ہوگئی ہے، اب صوبے کے عوام تبدیلی ضرور محسوس کریں گے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ بلوچستان میں شورش اور دہشت گردی سے نمٹا جائے ،اور اس سلسلے میں بات چیت کو اولیت دی جائے۔ صوبے کی تعمیر نو اور زلزلہ زدگان کی دستگیری کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر امداد اور ریلیف کے کاموں کو جلد مکمل کیا جائے ۔کوشش یہ ہونی چاہیے کہ صوبہ کے عوام کو بحالی ، معاشی آسودگی اور سیاسی استحکام کے ساتھ ساتھ دہشت گردی اور بدامنی سے نجات مل جائے ۔

مقبول خبریں