ادا شرما فلم ’’ہنسے تو پھنسے‘‘ میں پرینیتی چوپڑا کی بہن بنیں گی

فلم کے ہدایتکارونیل میتھیوہیں ،فلم کو آئندہ برس 7فروری کو سینما گھروں کی زینت بنایاجائے گا


Showbiz Desk November 06, 2013
سنجے دت اور جوہی چائولہ کے ساتھ کام کرکے بہت کچھ سیکھا،اداکارہ۔ فوٹو: فائل

ہدایتکار وکرم بھٹ کی فلم 1920سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی اداکارہ ادا شرما ہدایتکار ونیل میتھیو کی فلم ہنسے تو پھنسے میں سدھارت ملہوترا اور پرینتی چوپڑا کے ساتھ مرکزی کردار ادا کریں گی ۔

کرن جوہر کے پروڈکشن ہائوس دھرما پروڈکشن کے تحت بننے والی اس لو اسٹوری کامیڈی فلم کو چار فلمساز انوراگ کیشپ ،وکرمادیتہ متوانہ ، وکاس بھل اور مادھو مانتینا تیارکررہے ہیں جب کہ اس فلم کے ہدایتکار ونیل میتھیو۔'' ہنسے تو پھنسے'' فلم میں ادا شرماپرینتی چوپڑا کی بہن کا کردار اداررہی ہیں۔ فلمساز انوراگ کیشپ جو اس فلم کے متعلق بہت پرجوش ہیں نے کہا ہے کہ فلم میں زیادہ تر نئے چہروں کو متعارف کرایا جارہاہے۔ ادا شرما فلم میں پرینیتی چوپڑا کی بہن کا کردار ادا کررہی ہیں جو کہ کسی خاتون کا دوسرا مرکزی کردار ہے ۔فلم کی کہانی میں محبت کو موضوع بنایا گیاہے جب کہ اس میں کامیڈی کا عنصر بھی شامل ہے ۔کرن جوہر کے مطابق اس فلم کی شوٹنگز تیزی سے جاری ہیں اور اسے آئندہ برس 7 فروری کو ریلیز کیا جائے گا۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ فلم ہنسے تو پھنسے میں پرینتی چوپڑا کی بہن کا کردار اداکررہی ہوں اور یہ بھی ہیروئن کی طرح مرکزی کردار ہے ۔

ادا شرما کا کہنا ہے کہ چہروں پر مسکراہٹیں لانا کوئی آسان کام نہیں اس کے لیے بہت محنت کرنا پڑتی ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہنسے تو پھنسے کے علاوہ تلگو فلم ''ہارٹ اٹیک'' میں بھی مرکزی کردار ادا کررہی ہوں اسے بھی اگلے برس سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ادا شرما نے سال رواں میں ریلیز ہونے والی فلم ''ہم ہیں راہی کار کے''متعلق سوال کے جواب میں کہاکہ ہدایتکار جیوتن گول کی اس فلم کی کہانی جاندار تھی جس پر انوپم کھیر،سنجے دت اور جوہی چاولہ نے بہترین پرفارمنس دکھائی اس میں میرے کام کو بھی سراہا گیا ۔جوہی چاولہ کے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگا۔ سنجے دت نے بھی اس فلم میں ہر طرح سے میرا خیال رکھا اور کسی مرحلے پر بھی اجنبیت محسوس نہیں ہوئی۔ پوری ٹیم نے ایک فیملی کی طرح کام کیا ۔اور فلم کے ساتھ اس کی شوٹنگز کے مراحل کو بھی یادگار بنادیا ۔ ادا کارہ کا اپنی زندگی کے متعلق کہنا تھا کہ میں زندگی کے نشیب وفراز میں مستقل مزاج رہی ہوں اور بلند حوصلے سے اپنی منزل کی طرف سفر جاری رکھا ہے ۔کبھی کسی واقعے پر زیادہ دلبرداشتہ نہیں ہوئی ۔فلم انڈسٹری میں آکر خود کو زیادہ محفوظ تصور کرتی ہوں ۔



اپنے کام میں نکھار لانے کے لیے کوشاں رہوں گی۔واضح رہے کہ 11مئی 1989کو کیرالہ کے نواح میں پیدا ہونے والی 23سالہ بالی وڈ اداکارہ اداشرما نے 2008میں ریلیز ہونے والی فلم ''1920''میں کام کرکے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا۔ 2011میں اداکارہ کی رومانوی تھرلر فلم ''پھر'' سینما گھروں کی زینت بنائی گئی اس فلم کے ہدایتکا گریش دھامیجی ، پروڈیوسرسرندرا شرما ،امیتا بھشوانی تھیں ۔ یہ فلم باکس آفس پر درمیانہ درجہ کی رہی مگر اس میں ادا شرما کی پرفارمنس کو سراہا گیا۔سال رواں کے دوران ادا شرما فلم ''ہم ہیں راہی کار کے'' میں سنجے دت اور جوہی چاولہ کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں اس فلم میں بڑی ستاروں کی موجودگی کے باوجود اس کی پرفارمنس بہترین رہی۔ واضح رہے کہ ادا شرما اگلے برس تلیگو فلم '' ہارٹ اٹیک میں بھی جلوہ گر ہوں گی ۔جس کا بجٹ 30کروڑ روپے رکھا گیا ہے اس فلم کی ہدایات پوری جگن ناتھ دے رہے ہیں۔

بھارت کے فلمی ناقدین نے ادا شرما کو مستقبل کی بڑی اسٹار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادا شرما نے اپنی اب تک ریلیز ہونے والی فلموں میں اپنی پرفارمنس سے ثابت کردیا ہے کہ وہ مستقبل کے بڑے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور میگا اسٹار کے ساتھ کام کرکے ان میںاپنی الگ شناخت بنانے میں کامیاب رہیں گی۔ انھوں نے کہا کہ ادا کی ادائوں نے شائقین کو اپنا گرویدہ بنالیا ہے ۔ان کی آنیوالی فلموں سے بہت اچھی اور بڑی توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ادا نے انتہائی مختصر وقت میں بالی وڈ میں اپنی پرفارمنس کی باعث اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے۔ اور انھیں نظر انداز کرنا ممکن نہیںرہا ۔

انھوں نے کہا کہ بالی وڈ میں ان کی آنیوالی فلموں کا انتظار ہے ۔فلمی نقاد ترن ادرش اورصحافی نگہت کاظمی نے کہا ہے کہ ادا شرما کی اگرچہ 2008سے اب تک صرف تین فلمیں سینماگھروں کی زینت بن سکیں ہیں ان کی پہلی فلم ''1920'' نے باکس آفس پر کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرچکی ہے جب کہ اس کی دوسری فلم ''پھر'' جو کہ ہارر اور تھرلر تھی بلاشک باکس آفس پر درمیانہ درجے کی رہی ہے مگر اس میں بھی اس نے بہترین پرفارمنس دکھائی ہے جب کہ اسی برس ریلیز ہونے والی فلم ''ہم ہیں راہی کارکے ''میں بڑے اسٹارز کی موجودگی میں جس طرح اپنی پرفارمنس دکھائی ہے سے ثابت ہوتاہے کہ ادا شرما کو اداکاری کے شعبے میں انتہائی کمال حاصل ہے اس کی پرفارمنس دیکھ کر انھیں مکمل اداکارہ تسلیم کرنا پڑے گا۔

مقبول خبریں