جدید کیمروں سے لیس 40 موبائلیں جلوس کا جائزہ لیں گی

چیف سیکریٹری کا سی پی او کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ،کیمروں سے نگرانی کا جائزہ لیا


Staff Reporter November 14, 2013
جلوس کے اہم مقامات اور بند سڑکوں پر تحفظ کے جملہ اقدامات کیے جائیں،سجاد سلیم ہوتیانہ ۔ فوٹو : آئی این پی

KARACHI: چیف سیکریٹری سندھ نے پولیس کو مرکزی جلوسوں کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت اہم مقامات اور بند کی جانے والی سڑکوں پر حفاظتی انتظام سخت کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

گزشتہ روز چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ نے مرکزی پولیس دفتر کراچی میں قائم مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا اور کیمروں کے ذریعے9 محرم کے سیکیورٹی اقدامات کی نگرانی کا جائزہ لیا اس موقع پر آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ ،کمشنر کراچی شعیب صدیقی اور پولیس کے دیگر سینئر افسران کے علاوہ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ مشتاق مہر بھی موجود تھے۔



چیف سیکریٹری سندھ نے9 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے راستوں پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں کے تعیناتی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ مرکزی جلوس کے روٹ پر تمام اہم مقامات بشمول داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگاہ رکھنے کے ساتھ ساتھ راستے سے ملنے والی تمام بند سڑکوں پر تحفظ کے امور کو مربوط بنایا جائے اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ کو بتایا گیا کہ محرم الحرام پر سیکیورٹی اقدامات اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لیے جدیدکیمروں سے لیس40 سے زائد موبائلیں بھی مختلف پوائنٹس پر موجود ہیں جن کا براہ راست رابطہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے ہے دریں اثنا چیف سیکریٹری سندھ نے9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا بھی دورہ کیا اور سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔

مقبول خبریں