محمد حسنین نے دنیا کا نمبر ون بولر بننے کو ہدف بنا لیا

محمد یوسف انجم  ہفتہ 14 مارچ 2020
کوہلی اور اسٹیون اسمتھ کی وکٹیں اڑانا چاہوں گا، نوجوان پیسر کا عزم۔ فوٹو: فائل

کوہلی اور اسٹیون اسمتھ کی وکٹیں اڑانا چاہوں گا، نوجوان پیسر کا عزم۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پی ایس ایل 5میں تاحال سب سے زیادہ 14وکٹیں لینے والے محمد حسنین نے دنیا کا نمبرون بولر بننے کوہدف بنالیا، وہ تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرنے کے بھی خواہشمند ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکوخصوصی انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کسی ایک خاص بیٹسمین کو نشانے پر نہیں رکھتا، کوشش کرتا ہوں کہ  زیادہ وکٹیں لے کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بناؤں۔

انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ  فاسٹ بولرزکے لیے آسان نہیں، رنز روکنے کے ساتھ آؤٹ کرنے کیلیے مختلف ورائٹیزاستعمال کرنے سے فائدہ ہوتا ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں کپتان سرفرازاحمد، ہیڈکوچ معین خان،  بولنگ کوچ عبدالرزاق، مینٹور سرویوین رچرڈز سمیت دیگر آفیشلز بہت رہنمائی کرتے ہیں،  سینئرزکی حوصلہ افزائی سے ہی پرفارمنس بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

19 سالہ حسنین نے کہا کہ کہ مستقبل میں جب کبھی بھارت کے خلاف کھیلنے کا موقع ملا تو ویرات کوہلی کو آؤٹ کرنا چاہوں گا جبکہ آسٹریلیا سے  میچ میں اسٹیون اسمتھ اہم ہدف ہوں گے۔

حسنین نے  وقاریونس کو اپنا پسندیدہ بولر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب سے وہ ٹیم کے بولنگ کوچ بنے ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے، میں اپنی فٹنس کوبہتر بنانے پر توجہ دیتے ہوئے کوشش کررہا ہوں کہ اچھی لائن ولینتھ کے ساتھ رفتار میں بھی اضافہ کروں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔