سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ ہر کھلاڑی اپنے کیریئر میں ذہنی دباؤ اور پریشانی سے گزرتا ہے، کھلاڑیوں کو روبوٹ سمجھنا غلط ہے کیونکہ وہ بھی حقیقی انسان ہیں جن کے جذبات ہوتے ہیں۔
ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے ثانیہ نے بتایا کہ انہوں نے بھی اپنے کیریئر کے عروج میں ڈپریشن کے مختلف ادوار کا سامنا کیا۔
ثانیہ مرزا نے کہا کہ گزشتہ آٹھ سے دس سالوں میں لوگوں نے ذہنی صحت کے موضوع پر کھل کر بات کرنا شروع کی ہے، پہلے اسے شرمندگی سمجھا جاتا تھا لیکن اب لوگ اس بارے میں بلا جھجک بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہرت کی بلندیوں پر کھلاڑی پر پوری دنیا کی نظریں ہوتی ہیں اور کبھی کبھی یہ دباؤ اتنا بڑھ جاتا ہے کہ سانس لینا بھی بھول جاتے ہیں۔