کرکٹ سے وقفہ قومی اسٹارز کے لیے مفید قرار

اپنے اور فیملی کے لیے وقت مل گیا،فٹنس بہتر بنائیں،ظہیرعباس


Sports Reporter April 10, 2020
پاک بھارت امدادی ون ڈے سیریز کی تجویز قابل عمل نہیں فوٹو: فائل

ظہیر عباس نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملنے والا وقفہ قومی کرکٹرز کیلیے مفید قرار دیدیا، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ سال بھر بے پناہ مصروف نظر آنے والے کھلاڑیوں کو اپنے اور فیملی کے لیے وقت مل گیا، تازہ دم ہوں اور فٹنس بہتر بنانے پر توجہ دیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق کپتان ظہیر عباس نے ایک انٹرویو میں کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن نے کرکٹرز کو گھروں تک محدود کردیا لیکن یہ وقفہ ان کیلیے مفید ثابت ہوسکتا ہے، عام طور پر کھلاڑی سال بھر بے پناہ مصروف اور کندھوں پر کٹ بیگ اٹھائے رہتے ہیں، انھیں اپنے اور فیملی کیلیے مشکل سے وقت ملتا ہے، لاک ڈاؤن میں سب کیلیے موقع ہے کہ گھر والوں کے ساتھ رہیں، تازہ دم ہوں اور فٹنس پر توجہ دیتے ہوئے خود کو آئندہ چیلنجز کیلیے تیار کریں، یہ وقفہ مستقبل کی کرکٹ کے لیے بہتر ثابت ہوسکتا ہے۔

ایک سوال پر انھوں کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی اس طرح کی صورتحال نہیں دیکھی، پوری دنیا میں ایک جمود کی کیفیت طاری اور کھیلوں کے بغیر زندگی بڑی غیر متحرک محسوس ہورہی ہے لیکن صحت سے اہم کوئی چیز نہیں،احتیاط کرنا انتہائی ضروری ہے، میں خود بھی اہلیہ کے پاس انگلینڈ جانا چاہتا تھا لیکن فلائیٹ آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہو سکا،ظہیرعباس نے کہا کہ میرا انگلینڈ میں گھر لارڈز کے قریب ہے،ارادہ تھا کہ وہاں آئندہ ٹور میں پاکستان ٹیم کا میچ دیکھوں گا، مگر اب توسیریز کا انعقاد ہی ممکن نظر نہیں آرہا،یہاں ٹی وی اور پرانے میچز کی ویڈیوز، فلمیں دیکھنے کے ساتھ دنیا بھر میں موجود اپنے دوستوں کے ساتھ فون پر گپ شپ لگا کر وقت گزار رہا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ شعیب اختر کی جانب سے متاثرین کورونا متاثرین کیلیے پاکستان اور بھارت میں امدادی ون ڈے سیریز کرانے کی تجویز قابل عمل نہیں لگتی، پی سی بی کی جانب سے باہمی کرکٹ روابط بحال کرنے کی کوششیں طویل عرصے سے جاری ہیں لیکن ان کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، فی الحال اس نوعیت کی کسی سیریز کا انعقاد نہیں ہو سکتا۔

مقبول خبریں