کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کالعدم تنظیم کے5 دہشت گرد گرفتار

ملزمان نے دوران تفتیش فرقہ وارانہ بنیادوں پر ٹارگٹ کلنگ کی 6 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، انچارج سی ٹی ڈی


Staff Reporter July 22, 2020
گرفتار دہشت گردوں نے بتایا کہ حال ہی میں ٹارگٹ کلنگ کی 4 ٹیمیں بنائی گئیں ہیں، سی ٹی ڈی۔ فوٹو، فائل

سی ٹی ڈی پولیس نے گولیمار سے کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ ، گولیاں اور ہٹ لسٹ برآمد کرلی ہے۔

انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب اطلاع ملی کہ کالعدم لشکر جھنگوی کے کارندے بڑی کارروائی کے لیے گولیمار کے علاقے میں موجود ہیں۔ پولیس نے چھاپہ مارکر 5 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 4 پسٹل ، ایک کلاشنکوف اور سیکڑوں گولیاں برآمد کرلیں ۔گرفتار دہشت گردوں میں کاظم علی شاہ عرف شاہ جی ، محمد ثاقب اختر ، عبدالرحمن عرف زبیر ، عمیر عرف خلیل اور شہاب عرف چھوٹا عرف صفدر شامل ہیں۔

علی رضا کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انھوں نے فرقہ وارانہ بنیادوں پر ٹارگٹ کلنگ کی 6 سے زائد وارداتیں کی ہیں۔ انھیں شہر کا امن و امان خراب کرنے کے لیے جیل میں قید کالعدم لشکر جھنگوی کے کارندے قاسم رشید اور وسیم بارودی ہدایت دیتے تھے کہ کس دن کسے قتل کرنا ہے ۔

گرفتار دہشت گردوں نے بتایا کہ حال ہی میں ٹارگٹ کلنگ کی 4 ٹیمیں بنائی گئیں ہیں، یہ چاروں ٹیمیں ایک دوسرے کے رابطے میں نہیں ہیں۔ چاروں ٹیموں کو جیل سے ہدایت ملتی ہیں اور اس کے مطابق کارروائیاں کی جاتی ہیں۔

سی ٹی ڈی کے افسر کا کہنا ہے کہ گروپ کے کارندے موبائل فون سمیت کسی بھی ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کرتے۔ ملزمان جس گھر میں ٹھہرے ہوئے تھے وہاں سے ایک ہٹ لسٹ بھی ملی ہے۔ گرفتار دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ بنایا ہوا تھا۔

سی ٹی ڈی پولیس کا کہنا ہے زیر حراست دہشت گردوں کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے گھیرا تنگ کردیا ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر جمیل نے پولیس پارٹی کو اچھی کارگردگی پر نقد انعام اور اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

مقبول خبریں