لانگ جمپ لگانے والے ٹھٹھہ کے نوجوان کو ایتھلیٹ فیڈریشن نے لاہور بلالیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 4 اگست 2020
ٹھٹھہ کا نوجوان 11 موٹرسائیکلوں کے اوپر سے چھلانگ لگاتے ہوئے (فوٹو : اسکرین گریب)

ٹھٹھہ کا نوجوان 11 موٹرسائیکلوں کے اوپر سے چھلانگ لگاتے ہوئے (فوٹو : اسکرین گریب)

 لاہور: ٹھٹھہ کے نوجوان کی 11 موٹر سائیکلوں کے اوپر سے طویل چھلانگ لگانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور اس کی ملکی اور غیر ملکی سطح پر پذیرائی ہوئی ہے، پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے نوجوان کو لاہور بلالیا جب کہ امریکی امریکی ایتھلیٹ نے بھی تعریف کردی۔

ایکسپریس کے مطابق ٹھٹھہ کے نوجوان آصف کی 11 موٹر سائیکلوں کے اوپر سے لانگ جمپ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر ملک بھر کے عوام  کی جانب سے سراہتے ہوئے کہا جارہا تھا کہ یہ لڑکا اولمپک میڈل جیت سکتا ہے اسے اولمپک میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع دیا جائے۔

ویڈیو وائرل ہونے پر پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر اکرم ساہی نے آصف کو لاہور بلالیا ہے اور کہا ہے کہ ہمارے کوچز آصف کے ٹرائلز لیں گے، انہیں لاہور آمد و رفت کے اخراجات بھی ادا کیے جائیں گے۔

دریں اثنا نوجوان کی عالمی سطح پر بھی پذیرائی ہوئی ہے اور امریکا کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ کارل لوئس بھی پاکستانی نوجوان کے مداح ہوگئے۔ انہوں نے آصف کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاخوف جمپ لگانا بہترین سوچ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔