قائد اعظم ٹرافی، ٹی 20 اسپیشلسٹ کی اسپیشل اننگز نے ماحول گرما دیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 27 اکتوبر 2020
قائد اعظم ٹرافی:5 وکٹیں لینے والے خرم شہزاد گیند تھامے مسرور(درمیان) ڈبل سنچری مکمل کرنے پر حسین طلعت کا اظہارتشکر

قائد اعظم ٹرافی:5 وکٹیں لینے والے خرم شہزاد گیند تھامے مسرور(درمیان) ڈبل سنچری مکمل کرنے پر حسین طلعت کا اظہارتشکر

 کراچی:  قائد اعظم ٹرافی میں ٹی20اسپیشلسٹ کی اسپیشل اننگز نے ماحول گرما دیا جب کہ حسین طلعت نے طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں بھی قدم جمانا شروع کر دیے۔

حسین طلعت کی شاندار ڈبل سنچری نے ناردرن کیخلاف سدرن پنجاب کی گرفت مضبوط کردی۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے دوسرے دن ناردرن نے دوسری اننگز میں 31 رنزپر تین وکٹیں گنوا دیں، وہ تاحال311رنزکے خسارے کا شکار ہے،اس سے قبل سدرن پنجاب نے ایک وکٹ پر174 رنز سے اپنی نامکمل پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تھا۔

14ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے حسین طلعت نے 310 گیندوں پر 33 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 253 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی،ٹیم نے 113.1 اوورز میں 9 وکٹ پر507 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی،کپتان شان مسعود 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، نعمان علی نے 4 اور اطہر محمود نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فواد عالم کے ناقابل شکست 90 رنز کی بدولت سندھ نے پہلی اننگز میں 6وکٹ پر196 رنز بنالیے، تابش خان 17 پر ناٹ آؤٹ رہے، دونوں کے درمیان اب تک 83 رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہے، احمد بشیر اور وقاص مقصود 2،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اس سے قبل سینٹرل پنجاب کی ٹیم پہلی اننگز کے اسکور میں صرف2رنز کا اضافہ کرسکی اور 207 پر آؤٹ ہوگئی۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں میچ کا دوسرا روز بلوچستان کے نام رہا، 195 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ٹیم نے میچ میں مجموعی طور پر 229 رنز کی برتری حاصل کرلی،اس کی ابھی9 وکٹیں باقی ہیں، بلوچستان نے دوسری اننگز میں ایک  وکٹ  پر34 رنز بنالیے ہیں۔ سمیع اسلم 15 اورنائٹ واچ مین خرم شہزاد 4 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل بلوچستان نے میچ کے دوسرے روز7 وکٹ پر 310 رنز سے پہلی اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 362 پر آؤٹ ہوگئی، بسم اللہ خان 118 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے، اسپنر ساجد خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں خالد عثمان (57 ناٹ آؤٹ) اور کامران غلام(42) کے سوا خیبر پختونخوا کا کوئی بیٹسمین زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہرسکا، پوری ٹیم 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی، خرم شہزاد نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،کپتان یاسر شاہ نے 4 شکار کیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔