صوفی ازم میں دلچسپی رکھنے والے ترک ڈراما ’یونس ایمرے‘ ضرور دیکھیں، وزیر اعظم

ویب ڈیسک  منگل 1 دسمبر 2020
ترکش ڈرامہ ’’یونس ایمرے‘‘ پی ٹی وی پر بہت جلد نشر کیا جائے گا، وزیر اعظم (فوٹو: فائل)

ترکش ڈرامہ ’’یونس ایمرے‘‘ پی ٹی وی پر بہت جلد نشر کیا جائے گا، وزیر اعظم (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ صوفی ازم میں دلچسپی رکھنے والے لوگ ترکش ڈراما ’’یونس ایمرے‘‘ ضرور دیکھیں۔

ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ کی مقبولیت کے بعد اب ایک اور ترکش ڈراما ’’یونس ایمرے ‘‘ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر بہت جلد پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر ہونے جا رہا ہے۔

ترکش ڈراما ’’یونس ایمرے ‘‘ کی تاریخ کے حوالے سے کچھ روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے اپنی ٹویٹ میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ  یونس ایمرے (صوفی درویش) 13 ویں صدی کے اسلامی صوفیانہ شاعر اور گاؤں میں رہنے والے فقیر تھے۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں یہ بھی کہا کہ یہ ڈراما ان کی زندگی کے بارے میں ہے جنہوں نے اپنی زندگی مکمل طور پر اللہ کے لیے وقف کردی، اس ڈرامے کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔

فیصل جاوید کے بعد اب وزیر اعظم عمران خان نے بھی کھل کر ڈراما پر اظہار خیال کیا ہے۔ اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صوفی ازم (معرفت) میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے میری پرزور تجویز ہے کہ وہ سلسلہ وار ڈراما ’’یونس ایمرے‘‘ ضرور دیکھیں جسے پی ٹی وی پر بہت جلد نشر کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔