سال نو ساحل سمندر کو نوگو ایریا بنا دیا گیا

عجب قسمت پائی ہے شہر قائد کے باسیوں نے کہ ان پر خوشی کی رات بھی بھاری پڑ جاتی ہے...


Editorial January 01, 2014
ایم اے جناح روڈ پربدترین ٹریفک جام ہے،پولیس کی جانب سے ساحل سمندر کی طرف جانیوالی سڑکیں بند کیے جانے پر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ۔ فوٹو : ایکسپریس

KARACHI: عجب قسمت پائی ہے شہر قائد کے باسیوں نے کہ ان پر خوشی کی رات بھی بھاری پڑ جاتی ہے اور وہ سال نو کی خوشی منانے ساحل سمندر پر نہیں جا سکتے۔ کراچی پولیس نے اپنی روایتی پھرتیاں دکھانے کے چکر میں گزشتہ شام ساحل سمندر جانے والے تمام راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے، جس کی وجہ سے شہر کی چھوٹی، بڑی تمام شاہراہوں پر ٹریفک جام ہو گیا۔

ایمبولینسز ٹریفک جام میں پھنس گئیں مریض سسکتے رہے، چھوٹے بچے رو رو کر ہلکان ہوتے رہے، بزرگ اور خواتین کی حالت قابل رحم تھی، دفاتر اور فیکٹریوں سے تھکے ماندے گھر جانے والے افراد خود اور ان کے منتظر اہل خانہ دوہری اذیت کا شکار تھے، سیکڑوں گاڑیوں میں ایندھن ختم ہو گیا اور حسب روایت لٹیروں اور رہزنوں کے تو مزے آ گئے انھوں نے تو ٹریفک جام میں پھنسے بے کس اور مجبور شہریوں کو لوٹنا شروع کر دیا۔

پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں اور ویگنوں نے اپنے مسافروں کو اتار دیا اور مسافروں کو پیدل چل کر گھر جانا پڑا یوں سال نو کی آخری شام ایک اذیت ناک یاد بن گئی اہل کراچی کے لیے۔ ملک بھر کے عوام نے سال نو کا جشن منایا اور اہل کراچی اس سے محروم رہے۔ بلند بانگ دعوے کرنے والی پولیس تو مال بنانے میں مصروف کار نظر آئی۔ شہر شدید فائرنگ اور آتشبازی کے خوفناک دھماکوں سے گونج اٹھا، اور پولیس کا دعویٰ کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر لیا جائے گیا، دھرے کا دھرا رہ گیا، شہر کے چپے چپے میں کی جانے والی فائرنگ سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ شہر میں کتنی بھاری تعداد میں غیر قانونی اسلحہ موجود ہے۔ ساحل سمندر کو نوگو ایریا بنانا کراچی پولیس کا قابل مذمت کارنامہ ہے۔

مقبول خبریں