پورے ملک میں شدیدسردی کی لہرکوئٹہ اورمری میں برفباری

بلوچستان میں برفباری سے کئی شاہراہیں بند،24گھنٹوں میں بارش اورسردی بڑھنے کاامکان


Numaindgan Express January 09, 2014
مری جانیوالے مسافر شدید برف باری کے باعث سڑک پر پھنسے ہوئے ہیں اور سردی سے بچنے کیلیے سوزوکی پک اپ کے اندر آگ جلاکر ہاتھ تاپ رہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

بالائی علاقوں اور بلوچستان میں اکثر مقامات پربرفباری کے باعث پورا ملک شدیدسردی کی لپیٹ میں ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش اورسردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔

کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی کی نئی لہر برقرارہے، کوئٹہ، قلات، زیارت، چمن، پشین، مستونگ کان مہترزئی، توبہ اچکزئی میں برفباری ہوئی اورسردی میں اضافہ ہوگیا ،گیس اوربجلی حسب معمول غائب رہی،عوام کو شدید مشکلات کا سامنارہاجبکہ منچلوں نے ہنہ اوڑک، اسپین کاریز اور دیگر تفریحی علاقوں کا رخ کرلیا،چمن توبہ اچکزئی خواجہ عمران کے پہاڑوں پراوردیگر علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا،چمن شہرمیں2انچ جبکہ پہاڑوں پر3سے4انچ برف باری ہوئی،درہ کوژک پرشدیدبرفباری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بندہوگئی،اے سی اسماعیل ابراہیم نے موقع پر پہنچ کر درہ کوژک میں بڑی گاڑیوں کاداخلہ بند کرادیااور چھوٹی گاڑیوں کاراستہ بحال کرادیا،ژوب سے نمائندے کے مطابق قمر الدین کے علاقے میں بدھ کوصبح سے ہی برفباری کا سلسلہ جاری رہا اور رات گئے تک7انچ تک برفباری ہوئی،زیارت شہر میں6انچ برفباری کے باعث مختلف شاہراہیں بند ہوگئیں۔



وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس سے کوئٹہ زیارت سنجاوی شاہراہ بلاک ہوگئی ، پشین سے نمائندہ کے مطابق پشین شہرسمیت سرانان یارو بوستان سرخاب خانوزئی حرمزئی اوردیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری رہی،رشور اورتوبہ کاکڑی میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ایک فٹ برف پڑی،قلات اورگردونواح میں ہونے والی برفباری نے چاروں اطراف سے سفید چاراوڑھ لی،سوراب اورمستونگ میں بھی برفباری اوربارش نے معمولات زندگی مفلوج کرکے رکھ دیے،قلعہ عبداﷲ میں بھی برفباری کے باعث پہاڑوں، درختوں اورمیدانی علاقوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ادھرسکھر، پنوعاقل، دادو، گھوٹکی اورپڈعیدن میں بدھ کو دن بھر ہونے والی ہلکی بارش اوربوندا باندی کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،دادو کے پہاڑی پر مقام گورکھ ہل پر بارش کے بعدبرف باری بھی ہوئی،موسم سرما کی پہلی بارش کے بعدبڑھنے والی سردی کے باعث لوگ اپنے گھروں تک محدود ہوگئے۔

مقبول خبریں