کراچی سمیت سندھ بھر میں تعلیمی ادارے 19 اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ

بورڈ کے رہ جانے والے امتحانات 6 محرم تک لئے جائیں گے، وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز


ویب ڈیسک August 08, 2021
آج صوبائی کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کاروبار کے اوقات رات 8 بجے تک کرنے کی تجویز پر غور ہوگا، ذرائع.

سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر کے تعلیمی ادارے 19 اگست تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

صوبے میں بورڈز کے امتحانات کروانے کے حوالے سے وزیر تعلیم سردار علی شاہ اور وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اسماعیل راہو کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں محکمہ کالج ایجوکیشن کے سیکریٹری، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سندھ میں 9 اگست کو لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ

وزیرتعلیم سندھ سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں 19 اگست تک تعلیمی اداروں کو بند رکھیں گے، جو امتحانات رکے ہوئے ہیں ان کو 10 اگست سے آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ یقینی بنائیں گے کہ تمام تعلیمی اداروں کے اساتذہ و عملے کی ویکسینیشن ہو۔

اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کئے گئے تھے، اب اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ تعلیمی ادارے عاشورہ تک بند رہیں گے، جب کہ بورڈ کے رہ جانے والے امتحانات 6 محرم تک لئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث سندھ میں 31 جولائی سے 8 اگست تک لاک ڈاؤن نافذ ہے، گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ کی میزبانی میں این سی او سی کا مشترکہ اجلاس کراچی میں ہوا تھا، جس میں این سی او سی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں 9 اگست سے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مقبول خبریں