عمران نیازی پاکستان نہیں آئی ایم ایف کیلئے کام کررہے ہیں، شہبازشریف

ویب ڈیسک  جمعـء 15 اکتوبر 2021
آئی ایم ایف کی شرائط پر اندھا دھند عمل کرنے والی حکومت نے عوام کے مفاد کا خیال نہیں رکھا، شہباز شریف (فائل فوٹو)

آئی ایم ایف کی شرائط پر اندھا دھند عمل کرنے والی حکومت نے عوام کے مفاد کا خیال نہیں رکھا، شہباز شریف (فائل فوٹو)

لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بجٹ تقریرمیں نے جو کچھ کہا تھا وہ سچ اور حکومت جھوٹی ثابت ہوگئی۔ عمران خان پاکستان اور عوام کے لئے نہیں بلکہ آئی ایم ایف کے لئے کام کررہے ہیں۔ 

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بجلی، پٹرول، ٹیکس میں اضافہ کو منی بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے بجٹ تقریر میں جو کچھ کہا تھا، وہ سچ اور حکومت جھوٹی ثابت ہوگئی، کہا تھا کہ حکومت منی بجٹ لائے گی اور آج یہ بات سچ ثابت ہوگئی،ثابت ہوگیا کہ حکومت نے بجٹ کے نام پر عوام کو دھوکا دیا، یہ حکومت چلے گی تو معیشت نہیں چلے گی۔

شہبازشریف کاکہنا تھا کہ ٹیکس چھوٹ والی اشیاء پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگانے، پٹرول، بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام اور معیشت کے خلاف دہشت گردی ہے، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، حکومت نے ایک نیا بم پھینک دیا ہے، عمران نیازی آئی ایم ایف کی قربان گاہ پر معیشت اور قوم کو قربان کررہے ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط پر اندھا دھند عمل کرنے والی حکومت نے عوام کے مفاد کا خیال نہیں رکھا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران نیازی خود ایسے اقدامات کررہے ہیں جس سے مہنگائی بڑھتی ہے، پھر قوم سے شکوہ کرتے ہیں کہ عوام کو مہنگائی بڑھنے کی وجوہات سمجھ نہیں آرہی، قوم کو اچھی طرح سمجھ آرہی ہے کہ ان کے ساتھ کیا ہورہا ہے اور کون یہ ظلم ہر روز ڈھارہا ہے، مسئلہ قوم کی سمجھ کا نہیں بلکہ حکمرانوں کی کرپشن، جھوٹ اور تاریخی نالائقی ونااہلی کا ہے، پاکستان اور قوم کو حکمرانوں کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن کی کڑی سزا مل رہی ہے۔

شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو یہ احساس نہیں کہ عوام کا گزارہ نہیں ہو رہا، حکومت تین سال سے قوم کو چکر پہ چکر دے رہی ہے، ٹیکس مہنگائی، قرض بڑھتے جا رہے ہیں، عمران نیازی عوام اور پاکستان کے لئے نہیں آئی ایم ایف کے لئے کام کر رہے ہیں، اتنی سنگین مہنگائی ملک کی معاشی وائیبیلٹی کا سنگین مسئلہ پیدا کر رہی ہے جو پاکستان کے لئے نیک فال نہیں، پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ مسترد کرتے ہیں، حکومت یہ ظالمانہ فیصلہ واپس لے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔