سعودی عرب عظیم دوست ہے تعلقات مضبوط ہونگے شہباز شریف

لاہور والوں سے جومحبت ملی،فراموش نہیں کر سکتے،سعودی شہزادہ سلطان


Numaindgan Express February 09, 2014
لاہور: سعودی شہزادہ سلطان بن سلمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہمراہ گورنر ہائوس میں دستکاری نمائش کا دورہ کررہے ہیں۔ فوٹو: آئی این پی

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاہے کہ سعودی عرب اورپاکستان کے مابین تاریخی، تہذیبی، ثقافتی اوربرادرانہ تعلقات قائم ہیں۔

جنگ ہویا امن، زلزلہ ہویا سیلاب یاکوئی اورقدرتی آفت، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کاساتھ نبھایاہے۔ سعودی عرب کی حکومت، خادم حرمین شریفین عبداللہ بن عبدالعزیز اورسعودی عرب کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کی بھرپور مددکی ہے۔ سعودی شہزادے کے حالیہ دورے سے دونوں ملکو ں کے درمیان برادرانہ تعلقات اوردوستی کا رشتہ مضبوط ہوگا۔ان خیالات کااظہار انھوںنے گورنر ہائوس میں سعودی شہزادے سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز اوران کے وفد کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ سعودی عرب عظیم دوست ہے۔ دونوں ممالک کے عوام یک جان دوقالب ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف بھی سعودی عرب کے ساتھ بہترین تعلقات کااعتراف کرتے ہیں اور انھیں مضبوط سے مضبوط تربنانے کے خواہاں ہیں۔

شہباز شریف نے کہاکہ ملک کوتوانائی بحران، دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے اور وزیراعظم ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لیے پرعزم ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ سعودی عرب آئندہ بھی پاکستان کے ساتھ اپناتعاون جاری رکھے گا۔ سعودی شہزادے کے اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات میں اضافہ ہوگا اور ہم مزید شعبوں میں تعاون کو وسعت دیں گے۔ سعودی شہزادے سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کاتاریخی شہر لاہور بہت خوبصوت ہے اور اس کے باسی انتہائی محبت اور پیار کرنے والے ہیں۔

 photo 8_zpsc17eb8ce.jpg

لاہورآ کر ہمیں جو پیار اور محبت ملی ہے یہ ہمارے لیے خوشگواریادیں ہیں جنھیں کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ پاکستان کے ساتھ دوستانہ تاریخی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام آئے۔ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان انشاء اللہ دنیا کا ایک عظیم ملک بنے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مستقل نوعیت کے ہیں اور مستقبل میں یہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ نوازشریف سعودی عرب کے بہت اچھے دوست ہیں۔ قبل ازیں سعودی شہزادے نے گورنر ہائوس میں وزیراعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

اس سے پہلے سعودی عرب کے کمیشن برائے سیاحت و نوادرات کے چیئرمین شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز لاہور پہنچے تو ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ شہباز شریف، سعودی شہزادہ اور ان کاوفد ایئرپورٹ سے بادشاہی مسجدگئے، مسجدکے مختلف حصے دیکھے اورنوافل بھی اداکیے۔ سعودی وفدنے قرآن مجیدکا طلائی نسخہ بھی دیکھا۔ لاہورمیوزیم کے دورے میںتاریخی نوادرات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ سعودی وفد نے گورنر ہائوس میں نیزہ بازی اور پولو کا میچ بھی دیکھا۔ بعدازاں سعودی شہزادہ اوروفد کے اراکین واپس روانہ ہوگئے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سعودی وفدکو ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔

مقبول خبریں