شوکت ترین کا ووٹ کراچی سے کے پی کے منتقل، اعتراضات مسترد

ویب ڈیسک  پير 6 دسمبر 2021
شوکت ترین کی کے پی کے سے سینیٹر بننے کی کوشش کے خلاف جے یو آئی اور اے این پی نے اعتراضات کیے تھے (فوٹو : فائل)

شوکت ترین کی کے پی کے سے سینیٹر بننے کی کوشش کے خلاف جے یو آئی اور اے این پی نے اعتراضات کیے تھے (فوٹو : فائل)

 پشاور: مشیر خزانہ شوکت ترین کے خیبر پختون خوا سے سینیٹر بننے کی کوشش پر الیکشن کمیشن نے جے یو آئی اور اے این پی کے اعتراضات مسترد کردیے۔

جے یو آئی کی جانب سے امیدوار ظاہر شاہ نے پی ٹی آئی کے امیدوار شوکت ترین کے خلاف تحریری اعتراض جمع کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ شوکت ترین کراچی کے مستقل رہائشی ہیں اور ان کی عارضی رہائش اسلام آباد ہے، 28 نومبر کو شوکت ترین نے سینیٹ انتخابات کے اعلان کے بعد مردان میں ووٹ رجسٹرڈ کیا ہے۔

ظاہر شاہ کے مطابق شوکت ترین کے ووٹ کو رجسٹرڈ کرنے کے لیے مروجہ طریقہ کار کو نظر انداز کیا گیا، شوکت ترین کراچی میں رجسٹرڈ ووٹر ہیں اور ان کے ساتھ ایک عوامی عہدہ ہے اس لیے شوکت ترین کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔ اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی نے بھی شوکت ترین پر اعتراضات کیے ہیں۔

دریں اثنا مشیر خزانہ شوکت ترین الیکشن کمیشن پشاور پہنچے جہاں انہوں نے سینیٹ الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جنہیں الیکشن کمیشن نے منظور کرتے ہوئے اعتراضات مسترد کردیے۔

پشاور الیکشن کمیشن آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ مردان میں ووٹ وقت پر رجسٹرڈ ہوا ہے، میں پاکستانی ہوں جہاں سے ووٹ رجسٹرڈ ہے وہاں سے الیکشن لڑ سکتا ہوں،سینیٹ میں آیا تو سینیٹ میں خیبرپختونخوا کے لیے کام کرتا رہوں گا، کراچی میں میرا کوئی ووٹ نہیں ہے، میرا سسرال بھی مردان میں ہے۔

انہوں ںے کہا کہ خان صاحب کو دوسروں کا ملبہ صاف کرنے کے لیے آئی ایم ایف جانا پڑا، آئی ایم ایف کی اسٹیمپ لگتی ہے تو دیگر ادارے پیسہ دینا شروع کر دیتے ہیں، تین سے چار ماہ میں افراط زر کی شرح نیچے چلی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔