کراچی میں گھریلو تشدد کا شکار 8 سالہ بچی بازیاب ، سوتیلا باپ اور سگی ماں گرفتار

ویب ڈیسک  پير 23 مئ 2022
اورنگی ٹاؤن میں سوتیلے باپ کا 8 سالہ بچی پر تشدد

اورنگی ٹاؤن میں سوتیلے باپ کا 8 سالہ بچی پر تشدد

 کراچی: پولیس نے گھریلو تشدد کا شکار 8 سالہ بچی کو بازیاب کرکے متاثرہ بچی کے سوتیلے باپ اور سگی ماں کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کمسن بچی پر گھریلو تشدد کا واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 8 بی داتا نگر میں واقعے مکان میں بچی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔

سوتیلا باپ بچی کو گھر میں زنجیر سے باندھ کر رکھتا تھا اور اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا کرتا تھا، یہاں تک کے بچی پر تشدد کی آوازیں محلے داروں کو بھی سنائی دیتی تھیں۔

اہل محلّہ نے بچی پر تشدد کی شکایت پولیس کو درج کرائی تو پولیس نے مکان نمبر 558 پر چھپاپہ مار کر متاثرہ بچی کو بازیاب کرایا اور سوتیلے باپ کو گرفتار اور سگی ماں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سوتیلا باپ محلے داروں کو کہتا تھا کہ بچی کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے، رپورٹ کے مطابق گرفتار شخص کے اپنے بھی چار بچے تھے لیکن وہ انہیں کچھ نہیں کہتا تھا صرف سوتیلا ہونے کی وجہ سے بچی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔

گرفتار ملزم پیشے کے لحاظ سے مزدور ہے بعدازاں پولیس نے گرفتار سوتیلے باپ اور سگی ماں کے خلاف اہل محلہ کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 2022/259 بجرم دفعہ 328اے اور342 کے تحت درج کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔