ملائیشیا کے لاپتہ طیارے کے حادثے کی گتھیاں سلجھنے کی امید جنوبی بحرہند میں تلاش جاری

تصویر میں دکھایا گیا مقام اس جگہ سے صرف 120 کلو میٹر دور ہے جہاں کی نشاندہی آسٹریلوی سیٹلائٹ نے کی تھی۔


ویب ڈیسک March 23, 2014
15 روز قبل ملائیشین ایئرلائنز کا مسافر طیارہ اس وقت لاپتہ ہوگیا تھا جب وہ 239 مسافروں کو کوالالمپور سے بیجنگ لے جارہا تھا۔فوٹو: اے ایف پی

چینی سیٹلائٹ کی جانب سے لی گئی تصاویر کی روشنی میں آسٹریلوی بحریہ نے جنوبی بحر ہند کے مخصوص علاقے میں اپنی تلاش شروع کردی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی سیٹلائٹ سے ملنے والے تصویری شواہد کی روشنی میں آسٹریلوی ساحلی شہر پرتھ کے جنوب مغرب میں تقریباً 2 ہزار 500 کلومیٹر کے فاصلے پر 23 ہزار کلو میٹر کے علاقے میں ملائیشیا کے لاپتہ طیارے کی تلاش کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں چین نے ایک نئی تصویر جاری کی ہے جو سیٹیلائٹ سے 18 مارچ کو لی گئی تھی۔ اس تصویر میں بحر ہند کے جنوبی علاقے میں ایک بڑا ٹکڑا تیرتا ہوا دکھایا گیا ہے جس کی لمبائی 22 میٹر اور چوڑائی 13 میٹر سے کچھ زیادہ ہے۔ تصویر میں دکھایا گیا مقام اس جگہ سے صرف 120 کلو میٹر دور ہے جہاں کی نشاندہی آسٹریلوی سیٹلائٹ نے کی تھی۔

آسٹریلین میری ٹائم اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ بحر ہند کے جنوبی علاقے میں مختلف امدادی ٹیمیوں نے لاپتہ طیارے کی تلاش کا کام شروع کر دیا ہے۔ اس بات کا پتہ لگانے کے لئے مزید کوششیں کی جائیں گی کہ نئی سیٹیلائٹ تصاویر میں دکھائی دینے والی اشیا کا تعلق لاپتہ طیارے سے ہے یا نہیں لیکن ہمیں امید ہے کہ ہم طیارے کا پتا چلانے کے قریب ہیں۔

واضح رہے کہ 15 روز قبل ملائیشین ایئرلائنز کا مسافر طیارہ اس وقت لاپتہ ہوگیا تھا جب وہ 239 مسافروں کو کوالالمپور سے بیجنگ لے جارہا تھا۔

مقبول خبریں