طنزیہ ٹویٹ پر گلوکار علی ظفر کا زمبابوین صدر کو کرارا جواب

ویب ڈیسک  جمعـء 28 اکتوبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کے بعد معروف گلوکار علی ظفر نے بھی زمبابوے کے صدر ایمرسن ڈمبڈزو نانگاگوا کو پاکستانی کرکٹ ٹیم اور جعلی مسٹر بین سے متعلق طنزیہ ٹویٹ پر جواب دیا ہے۔

علی ظفر نے اپنے ٹویٹ میں قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات اور جیتنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستان کی ٹیم یہاں سے واپس اپنی کارکردگی بہتر بنائے گی، دیکھ لینا اگلے میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان بہترین کھیل پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز زمبابوے کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں پاکستان کو شکست ہوئی تھی اس کے بعد زمبابوے کے صدر ایمرسن ڈمبڈزو نانگاگوا نے ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف جیت کی مبارکباد دی۔

اس ٹویٹ میں زمبابوے کے صدر نے پاکستان کو پیغام دیتے ہوئے یہ بھی تحریر کیا تھا کہ ’آئندہ اصلی مسٹر بین بھیجیں‘۔

شہباز شریف نے زمبابوین صدر کو جواب دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ہمارے پاس اصلی مسٹر بین نہیں لیکن ہمارے پاس اصل کرکٹ کا جذبہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خوشگوار انداز میں مزید لکھا تھا کہ ہم پاکستانیوں کو واپس آنے کی مضحکہ خیز عادت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔