دہشتگردی کا مقدمہ؛ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

ویب ڈیسک  پير 19 دسمبر 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت  نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کنفرم کرلی۔

درخواست کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجا جواد عباس حسن نے کی، جس میں واثق قیوم عباسی کی جانب سے وکیل علی بخاری پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے کہا کہ ٹرائل شروع ہونے پر ملزمان کو طلب کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ واثق قیوم عباسی کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

بعد ازاں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم نے کہا کہ 26 کلو میٹر کی حکومت نےپی ٹی آئی پر درجنوں مقدمات درج کیے۔ موجودہ وفاقی حکومت کی پالیسی سے پاکستان کی معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ یہ اپنے خاندانوں کی کرپشن بچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت پی ٹی آئی اور عمران خان کا ہے، جس سے شریف،زرداری، ان سب لوگوں کے لیے پاکستان کی سرزمین تنگ پڑ جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔