اپنے جیون ساتھی کی موت کے ایک ہفتے بعد گریٹل نامی بطخ بھی دم توڑگئی

ویب ڈیسک  بدھ 21 دسمبر 2022
ہینسل اور گریٹل نراورمادہ بطخ تھے جو ایک ہفتے کے بعد فوت ہوچکے ہیں۔ فوٹو: ڈیلی مرر

ہینسل اور گریٹل نراورمادہ بطخ تھے جو ایک ہفتے کے بعد فوت ہوچکے ہیں۔ فوٹو: ڈیلی مرر

لنکا شائر: برطانیہ کے ایک قصبے میں جھیل کنارے رہنے والا بطخوں کے جوڑے کے دونوں اراکین صرف سات دن کے وقفے سے فوت ہوگئے کیونکہ نر کے مرنے کے بعد مادہ شدید ڈپریشن کی شکار تھی اور اس نے کھانا بھی چھوڑ دیا تھا۔

ہینسل اور گریٹل نامی بطخوں کے اس جوڑے نے اپنی باہمی محبت کی بنا پر غیرمعمولی شہرت حاصل کی تھی اور لوگ بھی انہیں پہچاننے لگے تھے۔ خوبصورت پرندوں کا یہ جوڑا برطانیہ کے چھوٹے سے نیم دیہی علاقے، کلیتھورپس کی ایک جھیل کے کنارے رہ رہا تھا۔

لگ بھگ ایک ہفتے قبل نر بطخ ہینسل منجمند جھیل میں پھنس گیا تھا اور اس کے ساتھ ہی گریٹل بطخ بھی تھی۔ جیسے ہی کلیتھورپس وائلڈ لائف ریسکیو کو اس کی اطلاع ہوئی تو وہ کشتی لے کر اس مقام تک دوڑے اور دونوں پرندوں کو بچانے کی کوشش کی لیکن اس وقت تک نر مرچکا تھا۔ عملے نے مشکل سے گریٹل کو بچایا۔

ڈاکٹروں کے مطابق 13 دسمبر کو یہ واقعہ پیش آیا جبکہ گریٹل کا نچلا دھڑ بھی برف میں جم چکا تھا لیکن ڈاکٹروں نے چھ برس کے اس پرندے کو بچالیا۔ تاہم اپنے ساتھی کے بچھڑنے کے بعد گریٹل سست ہوگئی، وہ خاموش رہنے لگی اور مشکل سے کچھ کھاتی تھی۔ اس پیر کی صبح اس نے بھی دم توڑدیا۔

وائلڈ لائف انتظامیہ کے مطابق ان چھ دنوں میں گریٹل کی مایوسی اور کیفیت خراب سے خراب تر ہوتی چلی گئی کیونکہ دونوں ایک دوسرے سے جڑے تھے اور یوں وہ ہمت ہار کر موت کا شکار ہوگئی۔ اس طرح اس پریمی پرندوں کے مرنے پر ہزاروں افراد نے اپنے غم کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔