حکومت کوشش کریگی آئی ایم ایف معاہدے کا اثر غریب عوام پر نہ پڑے شازیہ مری
گزشتہ حکومت کے فیصلوں کے نتائج آج بھگت رہے ہیں اور آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ملکی ترجیحات دیکھی جائیں گی، وفاقی وزیر
وفاقی وزیر شازیہ مری نے آئی ایف معاہدے کا اثر غریب عوام پر نا پڑنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی اس حق میں نہیں کہ ہمیں قرض لینے پڑیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ حکومت کوشش کریگی آئی ایم ایف معاہدے کا اثر غریب عوام پر نہ پڑے اور کوئی بھی اس حق میں نہیں کہ ہمیں قرض لینے پڑیں، وزیر اعظم محمد میاں شہباز شریف نے کفایت شعاری کو اپنانے کے حوالے سے ایک کمیٹی بنائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے فیصلوں کے نتائج آج بھگت رہے ہیں اور آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ملکی ترجیحات دیکھی جائیں گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے صدر آصف علی زرداری سے متعلق کے الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور عمران خان ہمیشہ غیر ذمہ دارانہ بیان دیتے ہیں جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس مدعے پر عمران خان کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی۔
ان باتوں کا اظہار آج انہوں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بینظیر کفالت میں خواجہ سراؤں کو شامل کرنے کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے الزامات تشویش ناک ہیں، ان کی حکومت میں دہشتگردوں کیلئے جیلیں توڑی گئیں، ان کے صدر آصف علی زرداری کیخلاف الزامات پر عدالت جائیں گے۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے اہلخانہ کو خطرات ہیں، عمران خان دہشتگردوں کے سہولت کار رہے ہیں، پیپلزپارٹی کا ماضی میں بھی سیاسی استحصال کیا گیا۔
عمران خان پہلے بھی دم دبا کر بھاگے تھے وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ گزشتہ 4 سال انتہائی غلط فیصلے کیے گئے، گزشتہ حکومت کے فیصلوں کے نتائج آج بھگت رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے "بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو با اختیار بنانا" کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج خواجہ سراؤں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بینظیر کفالت پروگرام کا باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے اب خواجہ سراؤں کی بھی بینظیر کفالت پروگرام سے معاشی معاونت کی جائی گی۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ نادرا کے کارڈز بنواکر خواجہ سرا بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ ہو سکتے ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ خواجہ سراوں کو 7 ہزار روپے سہہ ماہی ملیں گے خواجہ سرا کمیونٹی کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم آپکے ساتھ تھے ہیں اور رہیں گے کیونکہ آپ بھی پاکستانی ہیں،انسان ہیں، پاکستان اکٹھا ترقی کرے گا، پاکستان کو ترقی کی منازل تک پہنچانا ہے تو مل کر کام کرنا ہے،خواجہ سرا بھی پاکستان کی ترقی میں شامل رہیں گے، پاکستان میں جو تکلیفیں خواجہ سراؤں کو ملتی ہیں سب آگاہ ہیں، ہماری کوشش ہے انکی تکالیف کم کریں، معاشرے میں ایسی کمیونٹیز جو پریشانیوں کا مقابلہ کر رہی ہیں انکی بھر پور مدد کریں گے۔
تقریب سے بیریسٹر مرتضی وھاب، خواجہ سرا کمیونٹی کے رہنمائوں ڈاکٹر میرب، بندیا رانہ و دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے خواجہ سرا کمیونٹی کی بینظیر کفالت میں شامل کرنے کے اعلان کو سراہا اور وفاقی وزیر شازیہ عطا مری کا شکریہ ادا کیا۔