تباہ کن زلزلہ؛ آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج کے 2 امدادی دستے ترکیہ روانہ

ویب ڈیسک  منگل 7 فروری 2023
پاک فوج کے دستے امدادی اور بچاؤ کے کاموں کی تکمیل تک وہاں موجود رہیں گے، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے دستے امدادی اور بچاؤ کے کاموں کی تکمیل تک وہاں موجود رہیں گے، آئی ایس پی آر

 راولپنڈی: ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے بعد آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی ہدایت پر پاک فوج کے 2 امدادی دستے ترکیہ روانہ ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کی عسکری قیادت نے ترکیہ میں شدید زلزلے سے متاثرہ افراد سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی ہدایت پر پاک فوج کے 2 امدادی دستے ترکی روانہ ہوگئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے امدادی دستوں میں اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم، جس میں ماہرین، سونگھنے والے کتے، تلاشی کے آلات اور آرمی ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور ٹیکنیشنز پر مشتمل ایک میڈیکل ٹیم شامل ہے۔

زلزلے کے بعد امدادی آپریشن کے سلسلے میں بھیجے گئے سامان میں 30 بستروں والا موبائل اسپتال، خیمہ، کمبل اور دیگر امدادی اشیا شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق امدادی دستے پیر اور منگل کی درمیانی شب خصوصی پی اے ایف طیارے کے ذریعے ترکیہ کے لیے روانہ ہوئے جو امدادی اور بچاوٴ کے کاموں کی تکمیل تک وہاں موجود رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔