اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی جاری، 24 گھنٹوں میں 2 فلسطینی جوان شہید

ویب ڈیسک  اتوار 2 اپريل 2023
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فورسز نے 24 گھنٹوں کے دوران 2 فلسطینی نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کردیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق ایک واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسرائیلی قابض افواج نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور نمازیوں کو وہاں سے نکال دیا۔ تاہم ایک فلسطینی نوجوان نے فورسز کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کو بچانے اور رکاوٹ توڑتے ہوئے مسجد میں دوبارہ  داخل ہونے کی کوشش کی جس پر اسرائیلی اہلکار نے اسے گولی مار کر شہید کردیا۔

اس کے کچھ ہی گھنٹوں بعد دوسرا واقعہ مغربی کنارے میں پیش آیا جب ایک اسرائیلی فوجی نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک اور فلسطینی نوجوان کو کو گولی مار کر شہید کیا۔

مسجد اقصیٰ کے پاس شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت 26 سالہ محمد الاسیبی کے نام سے ہوئی ہے جو کہ النقب میں بدوئین قصبے حورہ کا رہائشی تھا جبکہ مغربی کنارے میں شہید ہوئے نوجوان کی شناخت 24 سالہ محمد راعد برادیہ کے نام سے ہوئی۔

مسجد اقصیٰ کی انتظامیہ نے بتایا کہ تقریباً 250,000 فلسطینیوں نے دوسرے جمعہ کی نماز ادا کی جب کہ سینکڑوں مسجد کے اندر ہی رہے۔ مسجد میں ٹھہرنے والے چند فلسطینیوں میں سے ایک نے مقامی فلسطینی میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی قابض فوج نے حرم کے صحن پر دھاوا بول دیا اور زیادہ تر نمازیوں کو زبردستی باہر نکال دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔