عمران خان نے صدر عارف علوی سے ناراضگی کی خبروں کی تردید کردی

ویب ڈیسک  بدھ 31 مئ 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ناراضگی کی خبروں کی تردید کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں غیر رسمی گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ عارف علوی کے ساتھ کیا کوئی رابطہ ہے؟ جس پر عمران خان نے کہا کہ ایسی بات درست نہیں کہ میرا عارف علوی سے رابطہ نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ  فی الحال الیکشن کے علاوہ کوئی چارا نہیں اور ہم نے ملک کی خاطر مذاکرات کے لیے دعوت دی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ گورنمنٹ اور اسٹیبلشمنٹ ایک ہی چیز ہے کیونکہ اسٹیبلشمنٹ ہی گورنمنٹ چلا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ سے مذاکرات چل رہے تھے اور ان کو بھی الیکشن کا کہہ رہے تھے، چیف جسٹس کے کہنے پر ان سے مذاکرات شروع کیے تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جس طرح لوگ پارٹی چھوڑ رہے ہیں یہ تو بلیک میل کرنے کی کوشش کی جاری ہے لیکن یہ فیصلہ کر لیں ملک آئین کے مطابق چلے گا یا ڈنڈے کے زور پر چلے گا، ابھی تک کوئی پبلک ریلی یا جلسہ کرنے کا ارادہ نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مجموعی طور پر 7 مقدمات میں 10 روز کے لیے عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا۔ ایک مقدمہ 6 مئی عدلیہ یکجہتی ریلی اور چھ مقدمات 9 مئی کے تناظر میں درج ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔