برطانوی انجینیئر نے دوڑنے والا کوڑے دان بنالیا، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  اتوار 4 جون 2023
برطانوی انجینیئر نے ریکارڈ رفتار پر دوڑنے والا کوڑے دان بنالیا۔ فوٹو: بشکریہ میٹرونیوز یوکے

برطانوی انجینیئر نے ریکارڈ رفتار پر دوڑنے والا کوڑے دان بنالیا۔ فوٹو: بشکریہ میٹرونیوز یوکے

  لندن: برطانوی انجنیئر کو یہ سوجھی کہ کیوں نہ ایک ہی جگہ پڑے رہے کوڑے دان کو دوڑنے کے قابل بنایا جائے۔ اب انہوں نے پہیوں والا کچرا دان بنایا ہے جو 88 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے دوڑ سکتا ہے۔

31 سالہ مائیکل والہیڈ نے فیس بک مارکیٹ پلیس سے پہیوں والا کوڑے دان صرف 25 ڈالر میں خریدا اور اسے بدلنے کا تہیہ کیا۔ انہوں نے رقم جمع کی اور 900 ڈالر کا سوزوکی جی پی 125 انجن لگایا۔ دو اسٹروک انجن کے علاوہ انہوں نے میگنیشیئم گوکارٹ پہیئے لگائے۔ اس کے بعد پورے نظام کا ڈھانچہ اور چیسس ڈیزائن کیا۔ اس کے بعد آگے اضافی پہیہ بھی لگایا۔

اسٹریئنگ وھیل لگانے کے بعد وہ کوڑے دان میں بیٹھے اور اسے دوڑانے کی ویڈیو بنائی جو بہت مشہور ہورہی ہے۔ اس ویڈیو پر دلچسپ تبصرے تو جاری ہی ہیں لیکن اب انہوں نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے بھی رابطہ کیا ہے۔

اس سے قبل مئی 2021 میں ایک اور شخص اینڈی جیننگز نے بھی کوڑے دان پر موٹر لگاکر اسے 72 کلومیٹر تک دوڑانے کا عملی مظاہرہ کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔

اس کے جواب میں مائیکل نے نارتھ یارک شائر میں واقع ایلونگٹن ہوائی اڈے پر وہ خود کوڑے دان میں بیٹھے اور اسے 55 میل فی گھنٹے یعنی 88 کلومیٹر فی گھنٹے تک دوڑا کا نیا ریکارڈ بنایا ہے۔

اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ اس دعوے کی تصدیق کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔