190ملین پاؤنڈز کیس میں 22 اہم سیاسی رہنماؤں کیخلاف تحقیقات تیز

طالب فریدی  اتوار 4 جون 2023
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 لاہور: 190ملین پاؤنڈز کی غیرقانونی منتقلی کے اسکینڈل میں نیب راولپنڈی نے 22 اہم سیاسی رہنماوں کے خلاف تحقیقات تیز کر دی ہیں۔

نیب راولپنڈی نے سابق وفاقی وزراء اور کابینہ کے ممبرز کے نام گاڑیاں، جائیدادوں اور اکاؤنٹس کا ریکارڈز طلب کر لیا ہے۔ تمام صوبوں کے سیکریٹری ایکسائز سے 22 سیاسی رہنماوں کے نام گاڑیاں، گھر، پلاٹس اور زمینوں کا ریکارڈز حاصل کرنے کے لیے مراسلے جاری کر دیے۔

نیب نے شیخ رشید احمد، پرویز خٹک، عمر ایوب، حماد اظہر، مراد سعید، اسد عمر، فواد چوہدری اور مراد سعید کے نام اثاثوں کا ریکارڈ مانگ لیا ہے جبکہ اعظم سواتی، علی زیدی، فیصل واوڈا، علی امین گنڈہ پور، شفقت محمود، غلام سرور اور شیریں مزاری کے نام جائیدادوں کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔

علاوہ ازیں خالد مقبول صدیقی، فروغ نسیم، خسرو بختیار، اعجاز احمد شاہ سمیت دیگر کے نام جائیدادوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

نیب راولپنڈی نے 22 سابق وفاقی وزراء اور کابینہ ممبران کے نام اور ٹرانسفر گاڑیاں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔ سال 2018ء سے اب تک سابق  وفاقی وزراء نے جتنی گاڑیاں خریدی یا فروخت کیں تمام کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

واضح رہے کہ نیب سابق وزراء اور کابینہ ممبران سمیت دیگر کے خلاف 190 ملین پاونڈز کی غیر منتقلی کی تحقیقات کر رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔