قبر کے کتبوں پر لکھی ’ریسیپی‘ سے کھانے بنانے والی خاتون

33 سالہ روزی گرانٹ امریکا بھر میں کتبوں پر لکھے نسخوں سے کھانا پکا رہی ہیں جو اب تک 23 ڈشیں بنا چکی ہیں


ویب ڈیسک July 10, 2023
امریکی خاتون قبر کے کتبوں پر لکھے کھانوں کی تراکیب پر پکوان بناتی ہیں اور انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کرتی ہین۔ فوٹو: فوکس نیوز

امریکی خاتون نے ایک انوکھا مشغلہ اختیار کیا ہے کہ وہ قبرستان میں قبروں پر لکھے کتبے پڑھتی ہیں، ان پر تحریر کھانے کی ریسیپی جمع کرتی ہیں اور اسے باورچی خانے میں آزماتی ہیں۔

33 سالہ روزی گرانٹ اب تک 23 مختلف ڈشیں بنائی ہیں جن میں بلیوبیری پائی (بیری بھرے بند کیک) سے لے کر اسپرٹز کوکیز شامل ہیں۔ وہ ہرنئی ڈش بناکر اسے مرنے والے اس مردوزن سے معنون کرتی ہیں جس کے کتبے سے یہ لی گئی ہے۔

اسپرٹز کوکیز نامی بسکٹ کی سب سے پہلی ترکیب، روزی نے ایک قبر کے کتبے پر لکھی دیکھی تو جو ایک کھلی کتاب کی مانند تھا۔ اس وقت سال 2021 تھا اور وہ جامعہ میری لینڈ میں تعلیم حاصل کررہی تھیں۔ انہوں نے گھر آکر یہ کوکیز بنائیں اور انہیں قبرستان جاکر اسی مخصوص قبر کے ساتھ کھایا۔



اس کے بعد انہوں نے امریکا کے بڑے بڑے قبرستانوں کا رخ کیا اور وہاں کتبوں پر لکھے پکوان کے نسخے جمع کیے۔ اس طرح وہ 23 ریسیپی جمع کرچکی ہیں جو یوٹاہ، آئیووا، الاسکا، لیوزیانا، واشنگٹن اور دیگر قبرستانوں سے جمع کی گئی ہیں۔

ایک کتبے پر انہیں گوشت پکانے کا طریقہ معلوم ہوا تو دوسرے کتبے پر نوڈل بنانے کا طریقہ لکھا تھا۔ تمام پکوانوں کو جمع کرنے کے بعد انہوں نے اپنی جمع کردہ درجنوں ریسیپی پر ٹک ٹاک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی بنائے ہیں۔ مجموعی طور پر ان کے فالوورز کی تعداد ایک لاکھ 93 ہزار سے زائد ہے اور اب تک 80 لاکھ لائکس حاصل کرچکی ہیں۔

مقبول خبریں