اورنگی ٹاؤن میں ٹارگٹ کلنگ پیپلز پارٹی کا علاقائی عہدیدار قتل

مقتول امجد حسین بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے وارڈ 3 یونین کونسل 7 میں جنرل کونسلر کا بھی امیدوار تھا


Staff Reporter August 18, 2023
مقتول کو 10 گولیاں ماری گئیں، ملزمان موقع سے فرار ہو گئے (فوٹو: فائل)

اورنگی ٹاؤن میں ٹارگٹ کلنگ کے ایک واقعے میں پیپلز پارٹی کے علاقائی عہدے دار کو قتل کردیا گیا۔

لال شہباز نگر کے علاقے میں زیڈ ٹو بس اسٹاپ کے قریب ٹارگٹ کلنگ کی واردات کے بعد مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جائی گئی جہاں اس کی شناخت 40 سالہ امجد حسین ولد نورالہدیٰ کے نام سے کی گئی ۔

پولیس کے مطابق واقعہ ابتدائی طور پر ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے۔ مقتول کو ملزمان نے 10 گولیاں ماریں، جن میں 3 سر پر ، بازوؤں پر، 2 ، 2 جب کہ 3 گولیاں پیٹ پر لگیں۔ پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم اور 30 بور پستول کے خول ملے ہیں ۔

مقتول یوسی 7 میں قائم پیپلز پارٹی کے دفتر کے قریب موٹر سائیکل پر بیٹھا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار 3 ملزمان نے اسے اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا جب کہ اس حوالے سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ ملزمان فائرنگ کر کے واپس آئے اور مقتول پر مزید گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہوگئے ۔

مقتول امجد حسین بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے وارڈ 3 یونین کونسل 7 میں جنرل کونسلر کا بھی امیدوار تھا جو کہ الیکشن ہار گیا تھا۔ پولیس جائے وقوع اور فرار ہونے والے راستوں پر کلوز سرکٹ کیمروں سے ملزمان کی تلاش کر رہی ہے تاکہ شناخت اور مزید شواہد مل سکیں۔

مقبول خبریں