سرجانی ٹاؤن میں قریب فٹ پاتھ پر پڑے سوٹ کیس میں بند نوجوان کی لاش ملی ہے جسے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کے علاقے لیاری 35 فٹبال گراؤنڈ کے قریب فٹ پاتھ سے سوٹ کیس میں بند ایک نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچے اور کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے شواہد جمع کرلیے۔
فنگر پرنٹ کی مدد سے مقتول کی شناخت 28 سالہ اظہر حسین ولد ظفر شاہ کے نام سے ہوئی جس کا آبائی تعلق شیخو پورہ روڈ فیصل آباد سے تھا، پولیس کے مطابق وہ کراچی میں کہاں رہائش پذیر تھا اس حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
بعد ازاں مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی حتمی وجہ موت کا تعین ہوسکے گا۔

ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن امجد کیانی کے مطابق مقتول نوجوان کی لاش 24 سے گھنٹے پرانی معلوم ہوتی ہے اور کسی نے بھی سوٹ کیس کو فٹ پاتھ پر رکھتے یا پھینکتے ہوئے نہیں دیکھا۔
پولیس کے مطابق مقتول نوجوان کو انتہائی بے دردی کے ساتھ بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا، مقتول نوجوان کے سر اور چہرے پر کند آلے کے وار کیے گئے، مقتول نوجوان کو قتل کرنے کے بعد جلانے کی کوشش بھی کی گئی، مقتول نوجوان کے سر کے عقبے حصے اور کمر پر جلنے کے نشان موجود ہیں، پولیس کو شبہ ہے کہ مقتول نوجوان کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا۔