گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ آپ قاضی وقت ہیں اور آپ پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے جو اختیار آپ کو دیا ہے اس کا حساب بھی دینا ہوگا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے سندھ جوڈیشل اکیڈمی کے تحت جاری تربیتی پروگرام میں شریک پنجاب سے تعلق رکھنے والے 40 معزز ججز نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
گورنر سندھ نے معزز ججز کا خیر مقدم کیا.ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق ملاقات میں سندھ جوڈیشل اکیڈمی کے سینئر فیکلٹی رکن و ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نوید احمد سومرو، ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی جسٹس سردار احمد، ڈائریکٹر آئی ٹی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی ڈاکٹر محمد عطا ربانی، سینئر انسٹرکٹر ندیم انجم، سول جج/مجسٹریٹ مہوش انجم، تنزیلا تبسم، اقصیٰ اقبال، سلیم اللہ ملک سمیت دیگر بھی شریک تھے۔
گورنر سندھ نے معزز ججز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ قاضی وقت ہیں اور آپ پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے جو اختیار آپ کو دیا ہے اس کا حساب بھی دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے عدالتی نظام کو مزید بہتری کی ضرورت ہے کیونکہ فیصلوں میں تاخیر سے عوام میں مایوسی جنم لیتی ہے۔
گورنر سندھ نے بتایا کہ گورنر ہاؤس میں عوامی فلاح اور خدمتِ انسانیت کے جذبے کے تحت متعدد منصوبے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "امید کی گھنٹی" نوجوانوں کے خوابوں اور مواقع کی علامت ہے جس کے تحت انہیں روزگار، تربیت اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس وقت 50 ہزار نوجوان گورنر ہاؤس میں مفت آئی ٹی کورسز کر رہے ہیں جو ماہانہ 1200 سے 1500 ڈالرز کما رہے ہیں۔ اسی طرح راشن ڈرائیو کے ذریعے لاکھوں مستحق خاندانوں کو خوراک فراہم کی گئی ہے۔
گورنر سندھ نے بابائے قوم محمد علی جناح کے کمرے کو قومی شناخت اور تحریکِ پاکستان کی یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ معزز ججز کا یہ دورہ مثبت پیغام لے کر جائے گا اور گورنر ہاؤس کے اقدامات کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
اس موقع پر وفد کو گورنر انیشیٹیوز کے تحت جاری منصوبوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔گورنر ہاؤس میں نصب "امید کی گھنٹی" وفد کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ وفد کا کہنا تھا کہ راشن ڈرائیو کے تحت مستحقین میں خوراک کی تقسیم ایک منفرد اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ نوجوانوں کو بلا معاوضہ آئی ٹی کی تعلیم فراہم کرنا ان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، جبکہ ڈیجیٹل طریقے سے شکایات کا اندراج اور فوری ریلیف فراہم کرنا بھی احسن اقدامات ہیں۔
ملاقات کے موقع پر سندھ جوڈیشل اکیڈمی کے سینئر فیکلٹی ممبر نوید احمد سومرو نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ معزز ججز نے گورنر ہاؤس کا دورہ کیا۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی جسٹس سردار احمد نے گورنر انیشیٹیوز کے تحت جاری اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔