راولپنڈی:
7 سالہ بچی کی قبر سے چھیڑ چھاڑ کے معاملے میں انکشاف ہوا ہے کہ بچی کی میت اپنی اصل جگہ سے ہلی ہوئی ہے، پولیس نے بے حرمتی کا مقدمہ درج کرلیا۔1
تھانہ دھمیال کے علاقے گرجا روڈ کے خان کالونی قبرستان میں 7 سالہ بچی علینہ کی قبر سے مبینہ چھیڑ چھاڑ کے معاملے میں آج قبر کشائی کی گئی۔ واضح رہے کہ قبرستان میں چند دن قبل دفنائی گی 7 سالہ بچی کو قبر سے مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ کی گی تھی ، جس کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی۔
بچی کے والد ظفر اقبال نے بتایا کہ گرجا چوکی کے علاقے گلی نمبر 19 کا رہائشی ہوں۔ 7 سالہ بیٹی علینہ 26 اگست کو فوت ہوئی، تدفین خان کالونی والے قبرستان میں کی ۔ صبح فاتحہ کے لیے قبرستان گیا تو بیٹی کی قبر کھدی ہوئی تھی اور کفن ملحقہ حویلی میں پڑا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او دھمیال اور پولیس حکام موقع پر پہنچے اور قبر و قبرستان کو حصار میں لے لیا۔ والد کی جانب سے اطلاع ملنے پر راولپنڈی پولیس نے قبر کشائی کے لیے عدالت سے اجازت لی تھی۔
مجسٹریٹ کی موجودگی میں آج ہونے والی قبر کشائی میں پتا چلا کہ قبر میں بچی کی میت تو موجود ہے، تاہم اصل جگہ سے ہلی ہوئی ہے ۔ اسی طرح کفن میں سے سر والا حصہ موجود ہے جب کہ باقی کفن موجود نہیں ۔ ڈاکٹرز کا بورڈ بچی کا میڈیکل کررہا ہے۔
مزید برآں بچی کی قبر کھودے جانے کی بھی تصدیق ہوگئی جب کہ قبر سے چھیڑ چھاڑ کے علاوہ میت سے بھی چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ میت کی سر پر کفن کا حصہ موجود اور نچلے دھڑ کے کفن کا حصہ موجود نہیں تھا۔
دریں اثنا پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قبر، میت اور قبرستان کی بے حرمتی کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمہ پولیس مدعیت میں بچی کے والد کے بیان پر درج کیا گیا۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ سات سالہ بیٹی فوت ہوئی تو جنازے کےبعد اسے خان کالونی والے گلی والے قبرستان میں دفن کردیا، 28 اگست کو بھائی کے ساتھ فاتحہ خوانی کے لیے گیے تو دیکھا حویلی نما جگہ پر کفن اور بیٹی کے منہ کہ روئی پڑی ہی، قبر سے دو بلاک نکال کر باہر رکھے ہوئے تھے جبکہ کسی نے قبر کو ویسے دوبارہ تیار کرکے مٹی ڈالی ہوہی تھی۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ کفن کو ہم دونوں بھائیوں نے درست طور پر شناخت کرلیا کہ بیٹی علینہ کا ہی ہے، ون فائیو پر اطلاع دی معلوم نہیں بیٹی کی میت قبر میں ہے یا نہیں یا کسی نامعلوم ملزم یا ملزمان نے جادو ٹونہ یا کسی دیگر مقصد کے لیے ایسا کیا ہے، قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ایف آئی آر کے مطابق عدالتی احکامات پر قبر کشائی کرکے متوفیہ علینہ کا پوسٹ مارٹم کیا گیا اور جسم کے نمونے حاصل کیے گئے، قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم سے یہ بات سامنے آئی کہ نامعلوم ملزم یا ملزمان نے متوفیہ کی میت، قبر اور قبرستان کی بے حرمتی کی، نامعلوم ملزمان کی خلاف 297 ت پ کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش شروع کردی گی ہے انہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔