سیکیورٹی فورسز شمالی وزیرستان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے فتنہ الخوارج کے تین دہشت گردوں کو جوابی کارروائی میں ہلاک کردیا گیا جبکہ ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوراج نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کو فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادیا۔
پولیس نے جوابی کارروائی میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے ایک اہلکار نے جام شہادت نوش کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیر ستان میں پولیس چیک پوسٹ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر فورسز کو خراج تحسین کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنہ الخوارج کے 3 حملہ آور دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ فورسز نے بروقت کاروائی کرکے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ وزیر داخلہ نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکار نظام اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا شہید اہلکار کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکار نظام اللہ نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔